سپریم کورٹ: نوازشریف کی درخواست ضمانت جلد سماعت کے لیے منظور

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جلد سماعت کے لیے دی گئی  درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نواز شریف کی درخواست آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے،  سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ نواز شریف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

سابق وزیراعظم نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کررکھی ہے،  نواز شریف نے درخواست ضمانت جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے 11 مارچ کو سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے اپیل دائر کی تھی جس میں موقف اختیارکیا تھا کہ درخواست ضمانت کی چھ مارچ کو سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مستردکردیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ نوازشریف کی بگڑتی صحت کے سبب کیس کو رواں ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

اس سے قبل العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست مستردکردی تھی جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں 24 دسمبر کو سات سال قید کی سزا، ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا سنائی تھی۔

سابق وزیراعظم نے سزا کے خلاف چار جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور فیصلے کے خلاف اپیل اور ساتھ ہی سزا معطلی کی درخواست بھی دائر کی تھی جسے عدالت نے25 فروری کو مستردکردیا تھا۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی ملاقات کرکے سندھ میں علاج کی پیشکش کرچکے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے بھی پنجاب حکومت کو نوازشریف کو صحت کی ہرسہولت یقینی بنانے کی ہدایت کررکھی ہے۔


متعلقہ خبریں