نیب کے قوانین میں ترمیم ہونی چاہیے, شوکت بسرا


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف شوکت بسرا نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو تمام ملکی مسائل جن میں بے روزگاری، دفاعی، خارجی اور معیشت کے مسائل شامل ہیں، پر مل کر کام کرنا چاہیئے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بے شک ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہے تاہم اس کا الزام صرف پی ٹی آئی پر عائد نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین میں ترمیم ہونی چاہیے یہ مشرف کےدور میں بنایا گیا کالا قانون ہے جو لوگوں کی عزتیں اچھالنے کے لئے بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے لیڈر نے تین مرتبہ پاکستان پر حکومت کی وہ آج کرپشن کے الزام پر گرفتار ہیں۔

شوکت بسرا نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں احتجاج کرنا چاہتی ہیں تو شوق سے کریں ہم انہیں کنٹینر بھی فراہم کریں گے اور کھانا بھی دیں گے۔

ہم حکومت کو گورننس سکھانے کو تیار ہیں، دانیال چوہدری

رہنما مسلم لیگ ن بیریسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ہم حکومت کو گورننس سکھانے کو تیار ہیں ان سے ملک نہیں چل رہا ۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر جو وزیر بننے سے پہلے میٹرو پراجیکٹ پر بڑی باتیں کرتے تھے، اب بتائیں گے کہ پشاور کی بی آر ٹی پراجیکٹ پر کتنی لاگت آ چکی ہے۔

دوست ممالک سے ملنے والی امداد ختم ہو چکی ہے، حیدر زمان قریشی 

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی حیدر زمان قریشی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ابتر ہو چکی ہے دوست ممالک سے ملنے والی امداد بھی ختم ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کی بجائے دو بجٹ لے کر آئی اور نان فائلر کو فائدہ پہنچا دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی میں بھی ناکام ہو گئی ہے بھارت کی جارحیت پر دوست ملک چین نے بھی مزمت نہیں کی۔

حیدر زمان قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو اخلاقی بنیادوں پر نواز شریف سے ملاقات کے لئے گئے اس میں کوئی سیاسی حکمت عملی نہیں تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اعتزاز احسن اپنے مزاج کے مطابق بات کرتے ہیں تاہم ان کی باتیں پارٹی کے مؤقف کے برعکس ہیں ٍ


متعلقہ خبریں