فوجی عدالتوں کی توسیع کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرینگے، فواد چوہدری

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو گردن سے دبوچا ہے انہیں کرپشن نہیں کرنےدیں گے، پاکستان تحریک انصاف عوامی جماعت ہے جس نے تبدیلی کی بنیاد رکھی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کےعلاوہ کوئی مافیا سے نمٹ نہیں سکتا، ملکی سیاسی جماعتیں عمران خان سے خوف زدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نواز شریف اور آصف زرداری سے ذاتی لڑائی نہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم نے فرسودہ نظام کو للکارا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دو بڑی سیاسی جماعتوں کا گٹھ جوڑختم کیا ہے، کے پی کے نوجوانوں نے پی ٹی آئی میں انقلاب کی بنیاد رکھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مودی ہندوستان میں نفرت کی سیاست کررہےہیں جبکہ ہم نے پاکستان میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کوختم کیا اور سندھ اور کے پی سے لسانی سیاست کا خاتمہ کیا۔

کچھ روز قبل جہلم میں خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو بتادیا یہ تمہاری خام خیالی ہے، بھارت کہتا تھا ہم گھس کر ماریں گے، گھس کر دیکھا کیا ہوا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج کسی کو پاکستان کے اندر گھسنے کی جرات نہیں ہوسکتی۔ آج بھارت کا پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھارت کو کہا تھا کہ آپ امن کیلئے ایک قدم بڑھائیں ہم دو بڑھائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج امریکہ کا میڈیا کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو امن کا نوبیل انعام ملنا چاہیے، پاکستان کے وزیراعظم کو عزت ملنا ملک کےعوام کوعزت ملنا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ن لیگ کے پاس کوئی عوامی ایشو نہیں اس لیے اب نواز شریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں۔ نوازشریف بیمار ہیں، وزیراعظم نے پوچھا کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے۔یہ کیا بات ہوئی کہ ڈاکٹر نہیں بلانا مجھے علاج کیلئے لندن جانا ہے، آپ باہر سے ڈاکٹر بلالیں  ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں نوازشریف کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان پر کٹے گی، ان کو نواز شریف کی فکر نہیں ان کو اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ حساب ہونا اہم ہے کسی طور حساب سے نہیں بھاگا جاسکتا، اس میں پارٹی کا کوئی تعلق نہیں یہ حساب ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی اجلاس ہوتا ہے ایسا لگتا ہے کہ نیب کا بورڈ آف گورنرز بیٹھ گیا ہے۔ اپوزیشن نے اسمبلی میں کبھی عوامی ایشو پر آواز نہیں اٹھائی۔ ہم کہتے ہیں نہ رو، یہ کہتے ہیں این آر او۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سول ملٹری تعلقات اس وقت مثالی ہیں۔خوش قسمتی سے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں ۔نیشنل ایکشن پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد جاری ہے۔ فاٹا انضمام نیشنل ایکشن پلان کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جون تک ایف اے ٹی ایف کے ستر فیصد شرائط پوری کر دی جائیں گی ۔ توقع ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے  لسٹ سے نکل جائے گا۔

انہوں  نے کہافوجی عدالتوں کی توسیع کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرینگے۔ وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی کو فوجی عدالتوں کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطوں کی زمہ داری دی ہے ۔ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ افغانستان میں اتفاق رائے سے حکومت بننے جا رہی ہے۔

وزیر اعظم کل نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر رہے ہیں ، پہلے مرحلے میں پانچ ممالک کے شہریوں کو ای ویزا پالیسی متعارف کروا رہے ہیں ۔ 170 ممالک کو ای ویزا ، 90 ممالک کو بزنس اور 55 کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ملے گی۔ پاکستانی میڈیا بھارتی انتخابات کی کوریج کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن کی کوریج کے لیے بھارتی ہائی کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں ۔


متعلقہ خبریں