گڈ بائے مسٹر چپس


لاہور: پنجاب حکومت نے انٹرمیڈیٹ انگریزی نصاب میں گزشتہ 55 برس سے پڑھایا جانے والے سبق مسٹر چپس کو گڈ بائے کہنے کا تہیہ کرلیا۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق حکومت پنجاب نے انٹرمیڈیٹ انگریزی نصاب سے پرانے ناول کو نکالنے کے لیے ورکنگ پیپرز تیار کرلیے ہیں اس کی جگہ سیرت نبوی پرمضامین شامل کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ تیار کردہ ورکنگ پیپرز بورڈ کے آئندہ اجلاس میں سامنے رکھے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ میں مسٹر چپس کی جگہ سیرت نبوی پر مضامین شامل کیے جائیں گے۔ ڈاکٹرعبد الرؤف کی سیرت نبوی پر لکھے گئے مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز ہے۔

خیال رہے جیمز ہلٹن کا لکھا ناول گڈ بائے مسٹرچپس گزشتہ پچپن برس سے پڑھایا جارہا تھا۔ انگریزی لازمی کے پرچے میں اس کے بیس نمبرز شامل ہوتے ہیں۔ اس شہرہ آفاق ناول میں مرکزی کردار ایک استاد کا ہے جو جنگ عظیم دوم کے دور کی منظر کشی کرتا ہے۔

ناول کی کہانی مسٹر چپس کے بچپن سے شروع ہوتی ہے اور بڑھاپے تک جاتی ہے جس میں اس کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ۔

سوشل میڈیا پر اکثر صارفین نے گزشتہ ایک عرصے سے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا تھا کہ انگریزی کے اس ناول کی جگہ آپﷺ کی سیرت مبارکہ کے حوالے سے مضامین کو کورس میں شامل کیا جائے۔


متعلقہ خبریں