چین نے مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارتی قرار داد ویٹو کر دی


بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور شکست کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ایک مرتبہ پھر ویٹو کر دیا۔

بھارت نے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے سلامتی کونسل میں قرار دار پیش کی تھی۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دوست ملک چین نے بھارت کی جانب سے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی قرار داد کو ویٹو کر دیا۔

اس ضمن میں  ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین نے ہمیشہ ذمہ دار ملک کی حیثیت سے فیصلے کئے ہیں۔چین متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ مل کر ذمے دار کردار ادا کرے گا۔دیرپا نتائج کے لیے ذمے دار اور سنجیدہ بات چیت کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس مسئلے پرمتعلقہ اداروں کو قوانین اور طریقہ کار کی پیروی کرنی ہوگی، تمام فریقین کیلئے قابل قبول حل مسئلے کا مناسب حل ہوگا۔ یہ چوتھی بار ہے جب چین نے مسعود اظہر پر پابندی کی قرارداد ویٹو کی ہے۔

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسعود اظہر پر پابندی کی قرارداد  گزشتہ ماہ 27 فروری کو امریکا سمیت برطانیہ اور فرانس نے پیش کی تھی۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں حالات کشیدہ ہو گئے ۔

بھارت نے پلوامہ حملے کا ذمہ دار جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو قراد دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان مولانہ کو بھارت کے حوالے کرے۔

اس ضمن میں بھارت نے اپنے دوست ممالک کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے لئے قرار داد پیش کی تھی۔


متعلقہ خبریں