اسلام آباد: یوم پاکستان کی تیاریاں مکمل، 13سرگرمیوں پر پابندی عائد

اسلام آباد: یوم پاکستان کی تیاریاں مکمل، 13سرگرمیوں پر پابندی عائد

اسلام آباد: انتظامیہ نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور منعقدہ تقاریب کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 13 سے زائد مختلف نوعیت کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

18 مارچ سے30 مارچ تک پریڈ گراؤنڈ کے اطراف تمام شادی ہالز و ہوٹلز بند رہیں گے اور بس اڈے بھی بند رکھے جائیں گے۔

23 مارچ سے قبل شہر میں موجود تمام گیسٹ ہاؤسز کی سیکیورٹی چیکنگ کی جائے گی، شہر میں کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی رہے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں  ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کسی بھی قسم کے اسٹالرز لگانے پر پابندی ہوگی۔ گراؤنڈ کے قرب و جوار میں قائم بھینسوں کے باڑے بند رہیں گے اورانہیں کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔

اسلام آباد کی انتظامیہ نے گراؤنڈ کے اطراف میں جاری تعمیراتی کاموں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ تعمیراتی کام 18 مارچ سے 30 مارچ تک بند رہے گا۔

پریڈ گراؤنڈ کے اطراف قائم فیکٹریاں اس دوران بند رکھی جائیں گی۔ گراؤنڈ اور اس کے گردونواح میں تمام سیٹلائٹس کو پرا پر طریقے سے چیک کیا جائے گا۔ گردونواح میں جھاڑی نما درختوں کی کٹائی کو 23 مارچ سے قبل یقینی بنایا جائے گا۔

23 مارچ کے دن منعقدہ افواج پاکستان کی پریڈ میں ملائیشیا کے صدر مہاتیر محمد مہمان خصوصی ہوں گے جب کہ تقریب میں دیگر کئی غیر ملکی مہمان شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

ہم نیوز کے مطابق تقریب کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پریڈ گراؤنڈ جانے والوں کے لیے پارکنگ مختص ہوگی اور میڈیکل اسٹاف و ایمبولینسز کو تیار رکھنا ڈی ایچ او کی ذمہ داری ہو گی۔

یومِ پاکستان کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور تینوں مسلح  افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔


متعلقہ خبریں