عمران خان کل باجوڑ ایجنسی کا دورہ کریں گے

وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سیاحت تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کل باجوڑ ایجنسی کا دورہ اور قبائلی عوام سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ حکومت اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اسی سلسلے میں وزیر اعظم جمعہ کو باجوڑ ایجنسی کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ قبائلی عوام سے خطاب اور اہم اعلانات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے جلسوں کا آغاز قبائلی علاقے سے کر رہی ہے اور یہ عمران خان کی دلی خواہش تھی۔ قبائلی عوام عمران خان کے دل سے انتہائی قریب ہیں۔

افتخار درانی نے قبائلی عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو کرکٹ گراؤنڈ باجوڑ پہنچیں اور عمران خان کا خطاب خود سنیں کیونکہ وہ قبائلی علاقے کے لیے پیکجز کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں ’بعض قوتیں فاٹا انضمام کیخلاف کام کررہی ہیں جنہیں ناکام بنائیں گے‘

گورنر خیبر پختونخوا (کے پی) شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان بھی وزیر اعطم کے ہمراہ ہوں گے جب کہ وفاقی، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی بھی جلسے میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائیوں کا باقاعدہ آغاز ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے لیے تعینات ہونے والے ڈسٹریکٹ سیشن اور 2 ایڈیشنل سیشن جج سمیت 4 ججز نے شبقدر میں چارج سنبھال لیا۔

کیسز پر کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہونے کے بعد سائلین اپنے کیسز کی سماعت کے لیے اپنی متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں