عدالتی نظام میں اصلاح کی ضرورت ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں عدالتی نظام میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ ملک میں امن کی وجہ سے کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں وکلا کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں ہیں اور قانونی اصلاحات سے ہی معیشت بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں بلکہ اس میں وکلا کا خون بھی شامل ہے۔ اس وقت ملک کے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے امیر اور غریب کے لیے یکساں نظام موجود نہیں ہے۔ غریب آدمی کو بھی عدالتی نظام میں ریلیف دینا ہو گا۔ ہمارے قوانین میں سقم موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ عدالت کے بغیر اصلاحات آسکتی ہیں تو یہ ممکن نہیں ہے۔

عدالتی نظام میں اصلاحات سے عام آدمی کو فائدہ ہو سکتا ہے، فواد چوہدری

یہ بھی پڑھیں فوجی عدالتوں کی توسیع کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرینگے، فواد چوہدری

بار ایسوی ایشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار کے 5 ہزار سے زائد اراکین موجود ہیں اور اسلام آباد بار کی عمارت سمیت دیگر اداروں کی عمارتیں بھی قابل رشک نہیں ہیں، انہیں بہتر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت شاہراہ دستور پر زیر تعمیر ہے اور بار ایسوسی ایشن کی عمارت بھی نئی ہائی کورٹ میں شفٹ ہونی چاہیے۔ چیئرمین سی ڈی اے سے کہوں گا کہ وکلاء کے لیے عمارتی سہولتیں تعمیر کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب عدالتوں کے لیے وکلا کو جگہ نہیں ملے گی تو وہ گراؤنڈ پر ہی قبضہ کریں گے۔ بار سے کہوں گا جب آپ چاہیں میں چیف کمشنر اور انتظامیہ کو کہوں گا آپ کے ساتھ بیٹھ کر جگہ کا مسئلہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں