سابق اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی مفت علاج کی سہولت


لاہور : تنخواہوں میں اضافے کے بعد پنجاب اسمبلی کے موجودہ اور سابق اراکین کو تاحیات مفت علاج کی سہولت بھی مل گئی ہے ۔ اراکین اسمبلی کو ان ڈور اور آوٹ ڈور میں مفت علاج کا استحقاق دیا گیاہے۔ پہلے یہ استحقاق صرف موجودہ ارکان اسمبلی کو حاصل تھا۔ 

تنخواہوں اور مراعات سے میں اضافے کے بل میں ارکان اسمبلی کو یہ قانونی استحقاق دیا گیاہے۔ نئی پالیسی کے مطابق جو موجودہ رکن اسمبلی کو میڈیکل سہولتیں حاصل ہیں وہی سابق رکن پنجاب اسمبلی کو بھی حاصل ہوں گی۔ 

یاد رہے گزشتہ روزارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل چند گھنٹوں میں ہی متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا تھا۔

بل کی منظوری کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار سے بڑھ کر دو لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے 80 ہزار اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار سے چار ہزار ہو گیا۔

رکن پنجاب اسمبلی کو اب ہاؤس رینٹ 29 ہزار کے بجائے 50 ہزار ملے گا، یوٹیلٹی الاؤنس 14 ہزار اضافے سے 20 ہزار، اکاموڈیشن الاؤنس 1500 سے 3000، دفتری تزئین و آرائش کا خرچہ دس سے 15 ہزار ہو گیا۔

مہمانداری کا ماہانہ الاؤنس دس ہزار سے 20 ہزار کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریول الاؤنس ووچرز سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار کے بجائے تین لاکھ کر دئیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے:ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور

حکومت اور حزب اختلاف کے ارکان نے تنخواہیں بڑھنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ارکان کی تنخواہ میں اضافے کا بل گزشتہ سے پیوستہ  روز قائمہ کمیٹی کو بھیجا گیا تھا جو منظوری کے بعد ایوان میں پیش کیا گیا۔

تنخواہوں میں اضافے کے بل میں سابق وزرائے اعلیٰ پنچاب پر بھی مراعات کی بارش ہوگئی۔ 2002 کے بعد چھ ماہ وزیراعلیٰ رہنے والا یہ مراعات حاصل کرسکے گا۔

سابق وزیراعلیٰ کو پانچ سیکورٹی اہلکار فراہم کیے جائیں گے جبکہ ان کو سیکورٹی کے لئے 2500 سی سی گاڑی بھی  ملے گی اور ڈرائیور بھی حکومت کا ہوگا۔

اس کے علاوہ ایک پرسنل سیکرٹری اور دو جونیر کلرک بھی حکومت فراہم کرے گی۔ دس ہزار روپے ماہانہ ٹیلی فون الاونس بھی ملے گا۔

سابق وزیراعلی کو  مناسب سرکاری رہائش گاہ بھی تاحیات ملے گی تاہم یہ اس سابق وزیراعلی کو ملے گی جس کا لاہور میں گھر نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں