سندھ: وزیراعلیٰ و اسپیکر کی تنخواہیں اور مراعات برابر


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ اور اسپیکر سندھ اسمبلی کی ماہانہ تنخواہیں اور مراعات برابر ہیں جبکہ اراکین اسمبلی کی تنخواہ مشیروں سے کم ہے۔

ہم نیوز کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ماہانہ تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہے جبکہ انہیں ہاؤس رینٹ کے ماہانہ 70 ہزار روپے اور ہاؤس مینٹینس الاؤنس کے بھی 70 ہزار روپے دئیے جاتے ہیں۔

صوبائی وزراء کو ماہانہ ہاؤس رینٹ کی مد میں 55ہزار روپے، 50 ہزار روپے ہاؤس مینٹینس الاؤنس اور 500 لیٹر پٹرول ملتا ہے۔

اراکین اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 50 ہزار روپے ہے اور انہیں ہاؤس رینٹ سمیت دیگر ماہانہ الاؤنسز کی مد میں ایک لاکھ روپے کی رقم دی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ کے مشیروں کی ماہانہ تنخواہ 70 ہزار روپے ہے جبکہ ماہانہ الاؤنسز میں 45 ہزار روپے ہاؤس رینٹ، 30 ہزار روپے ہاؤس مینٹیننس الاؤنس، 20 ہزار روپے یوٹیلٹی الاؤنس ادا کیے جاتے ہیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہے، اس کے علاوہ  ماہانہ ہاؤس رینٹ 70 ہزار روپے اور ہاؤس مینٹیننس الاؤنس کی مد میں بھی 70 ہزار روپے ملتے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہ ماہانہ ایک لاکھ 40 ہزار روپے ہے اور انہیں ماہانہ 55 ہزار روپے ہاؤس رینٹ اور دیگر مراعات ملتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور ہوا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنے ردعمل میں مایوسی کا اظہارکیا تھا۔


متعلقہ خبریں