چین پاکستان کےساتھ تعلقات میں بھارت کی شمولیت بھی چاہتا ہے،بھارتی صحافی



اسلام آباد: معروف بھارتی صحافی اتل انیجا کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کا تعلق انتہائی مضبوط ہے، چین کی کوشش ہے کہ اب اس میں بھارت کو بھی شامل کیا جائے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے معروف بھارتی صحافی اتل انیجا نے کہا کہ یہ بات اقوام متحدہ میں نظر آئی ہے کہ چین اور پاکستان کا تعلق مضبوط تھا اور آج بھی ہے، چینی خارجہ پالیسی کا بھارت بھی حصہ بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسعود اظہر کے معاملے پرچین نے بھارت کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم کرسکتے ہیں لیکن پاکستان کی مرضی کےخلاف نہیں کریں گے، ہاں ہم تینوں مل کر کوئی راستہ نکال سکتے ہیں۔

اتل انیجاکا کہنا تھا کہ چین نے مسعود اظہر کے معاملے پر ماضی کے مقابلے میں کم سخت ردعمل دیا ہے جس سے لگتا ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان پس پردہ مذاکرات چل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کا پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلق ہے اور اب کوشش ہورہی ہے کہ بھارت کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک قریب آئیں اور خطے سے ایک جواب آئے، اس میں وقت لگ سکتا ہے لیکن چین کی کوشش یہی ہے۔

بھارتی صحافی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے، جب تک اصل مسائل کی طرف نہیں آئیں گے، تھوڑ آگے جاسکتے ہیں لیکن زیادہ نہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے عدالتی فیصلے کے بعد پاکستان اور بھارت کے پاس حقیقی مذاکرات کا موقع آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا موقف دہشتگردی کے حوالے سے ہے کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ تعاون کی کوشش کی لیکن پاکستان نے ایسا کچھ نہیں کیا، ایسا راستہ اپنانا چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے تحفظات کا جواب مل سکے۔

تنخواہوں کے معاملے پراراکین کی رائے مختلف ہے،صمصام بخاری

وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم پنجاب کے معاملات میں مداخلت نہیں کررہے بلکہ پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے انہیں اس فیصلے پرتحفظات کا اظہارکیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے مختلف افراد کی رائے الگ الگ ہوسکتی ہے۔ اراکین کا کہنا ہے کہ ہماری تنخواہیں سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے ممبران کے برابر کی جائیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پنجاب میں ابھی پرانے مسائل سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمیں اپنے کام ادھورے نہیں چھوڑیں گے کہ یہ سابقہ حکومتوں کے ہیں، ہمارے منصوبے بہت اچھے ہیں بس ہمیں انہیں میڈیا میں لانے میں ناکام رہے ہیں۔

وزرات اطلاعات میں مداخلت کا انکشاف

وفاقی وزیراطلاعات کی تبدیلی کے حوالے سے عادل شاہ زیب نے بتایا کہ بڑی بات کے ذرائع کے مطابق نعیم الحق، سینیٹر فیصل جاوید، افتخار درانی اور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی وفاقی وزیراطلاعات کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

نمائندہ خصوصی ریاض الحق نے بتایا کہ فواد چوہدری کی تبدیلی کے حوالے سے مشاورت ہورہی ہے کہ ایک طرف پی ٹی وی کے معاملات اور دوسری طرف ان کی زبان کی سختی پراعتراض کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف مختلف لوگوں کو بھیجے گئے پیغامات بھی وزیراعظم کے پاس پہنچ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزرات اطلاعات میں مختلف لوگ اپنے مفادات کے پیش نظر مداخلت کرتے ہیں اور یہ کام وزیراعظم ہاؤس سے بھی ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں