وزیراعظم سے سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر نامزد کرنے کا مطالبہ

کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے اپیل کی ہے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیرنامزد کر دیں۔ قائمہ کمیٹی نے یاد دہانی کرائی کہ سائنس و ٹیکنالوجی ہی ہمارا دفاعی حصار ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی تعیناتی کا رونا پہلے بھی رویا تھا اوراب بھی درخواست کررہے ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین نے ’ہم نیوز‘ سے بات چیت میں کہا کہ ہندوستان کے مقابلے میں مزید مضبوطی کا راستہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے مشروط ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چھ ہزار ارب کے بجٹ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ ڈیڑھ ارب سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ بھی تین ارب روپے کرنے کی سفارش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارتی دراندازی کی لہر کو پیچھے دھکیل دیا کیونکہ ہمارے سائنسدانوں نے جو میزائل و ٹیکنالوجی دی اس کی وجہ سے بھارت حملے کی جرات نہیں کرسکا۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کو دفاعی حصار بھی  قرار دیا۔

سینیٹر مشتاق احمد نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ جلد از جلد سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر متعین کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط کرنا ہے تو سائنس و ٹیکنالوجی کو مضبوط کرنا ہوگا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین سینیٹر مشتاق احمد نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرحدی سطح پر حفاظت کا انحصار سائنس و ٹیکنالوجی پر ہے۔

جون 2018 کو سینیٹ آف پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے پہلے اجلاس سے صدارتی خطاب میں چیئرمین سینیٹر مشتاق احمد نے کہا تھا کہ بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم ترین شعبے کے لیے بجٹ میں رقم کسی اور شعبے سے بھی کم رقم رکھی گئی ہے۔

اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر گیان چند اور سینیٹر دلاور خان سمیت نگران وفاقی وزیر اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹر راحیل قمر بھی شریک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں