علی ظفر:میشا کے خلاف دائر مقدمے کا فیصلہ جلد سنانے کی استدعا


لاہور: ممتاز گلوکار علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف زیرسماعت مقدمہ کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کے ساتھ درخواست دائر کردی ہے۔

علی ظفر نے اپنے وکیل رانا انتظار کے توسط سے دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ میشا شفیع اوران کے وکلا کو عدالت کا مزید وقت ضائع کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریق مخالف سچائی چھپانے کے لیے تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔

معروف گلوکار کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے سماعت کے لیے 19 مارچ کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

ممتاز گلوکارہ میشا شفیع گزشتہ سال اپریل میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ معروف گلوکار علی ظفر نے انہیں ایک سے زائد مرتبہ جنسی طورپرہراساں کیا ہے۔

میشا شفیع کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعہ پر اس لیے خاموشی توڑ رہی ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے اُس روایت کو ختم کرسکتی ہوں جو ہمارے معاشرے کا حصہ ہے۔

گلوکارعلی ظفر نے اسی وقت اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ میں سوشل میڈیا پر الزام تراشی کے بجائے میشا شفیع کو عدالت لے کر جاؤں گا۔

علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف 10 کروڑروپے ہرجانے کا دعوٰی دائر کر رکھا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ ہراسگی کا جھوٹا اور بے بنیاد الزام ان پہ عائد کیا گیا ہے۔

میشا شفیع کا یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ ان کی جانب سے الزام عائد کیے جانے کے بعد سے نصف درجن خواتین نے بھی یہی الزامات علی ظفر پر عائد کیے ہیں۔


متعلقہ خبریں