ای سی او خطے میں پل کا کردار ادا کرسکتی ہے، صدر عارف علوی

اعتماد کے ووٹ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کو بلائے جانے کا

اسلام آباد: پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطہ شمال و جنوب اور یورپ و ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے دورہ پاکستان میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ای سی او کی اہم شعبہ جاتی ترجیحات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ مواصلاتی ڈھانچے کے استحکام، تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولیات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ملاقات کرنے والے ڈاکٹر ہادی سلمان سے کہا کہ ای سی او وژن 2025 تنظیم کے لیے روڈ میپ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وژن 2025 کے عملدرآمدی ڈھانچے میں متعین کردہ نظام الاوقات کو پورا کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ ای سی او تجارتی معاہدوں پر مؤثرعملدرآمد تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور بالآخر ای سی او وژن 2025 کے مطابق آزادانہ تجارتی علاقے کے قیام کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کو مصنوعات کی نقل و حمل میں سہولت دینے اور ای سی او خطے کے اندر تجارتی مواقع کو فروغ دینے کے لیے ریل و شاہراتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنا رہا ہے۔

ڈاکٹر ہادی سلمان سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کو معاونت فراہم کرنے کے لیے ای سی او کی کاوش میں معاون رہے گا اوراس وقت وہ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے ای سی او کے اقدام کے حوالے سے سب سے بڑا حصہ دار ہے۔

سیکریٹری جنرل ای سی او ڈاکٹر ہادی سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ ای سی او کا فعال رکن رہا ہے اور خطے میں امن و تعاون کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر ہادی سلمان نے کہا کہ پاکستان میں ایکٹیو ٹورازم کی بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے جو بین الاقوامی سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔

وزیرخارجہ نے خطے میں اقتصادی تعاون تنظیم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان بانی رکن ہونے کے ناطے ای سی او کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور ہم اس سلسلے میں بھرپور انداز سے معاشی سفارتکاری کا آغاز کر چکے ہیں۔

وزیرخارجہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن ڈاکٹر ہادی سلیمان کی قیادت میں اپنے مقاصد حاصل کرلے گی۔

ڈاکٹر ہادی سلمان نے کہا کہ پاکستان ای سی او کا بنیادی رکن اور اہم ترین پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی میں ای سی او پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سیکریٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم ڈاکٹر ہادی سلمان نے پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنی تنظیم کی جانب سے باہمی دلچسپی کے امور میں بھر پور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں کر رہی ہے اورمختلف ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ پاکستان میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


متعلقہ خبریں