نیوزی لینڈ میں دہشتگرد حملہ، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ


کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ منسوخ کر دیا گیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے دورہ کی منسوخی کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا۔ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی تھی۔

اس اعلان سے قبل بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ اوربنگلہ دیش کے درمیان تیسرا اورآخری ٹیسٹ کل سے شروع ہونا تھا۔تین میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو2صفر کی واضح برتری حاصل تھی۔
یاد رہے کہ آج نیوزی لینڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے دو مساجد میں موجود افراد پر فائرنگ کرکے کم ازکم 30 افراد کو جاں بحق اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ پولیس کے کمشنر مائیک بش نے کہا ہے کہ 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

پولیس کمشنر کے مطابق حملہ آور نے فوج کی وردی پہن رکھی تھی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ آور کے ہیلمٹ پر کیمرہ نصب تھا جس کے ذریعے وہ قتل و غارت گری کی ویڈیو براہ راست سوشل میڈیا پر نشر کررہا تھا۔

خبررساں ایجسنی کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بھی مسجد کے قریب ہی موجود تھی لیکن اس کے کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔

عالمی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے النورمسجد اور لِین وڈ میں واقع مسجد کے نمازیوں کونشانہ بنایا۔

ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ دوسرا حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ: دو مساجد پر فائرنگ، 30 افراد جاں بحق متعدد زخمی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ مشین گن سے کی گئی ہے۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق حملہ آور کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کے محفوظ رہنے کی اطلاع سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی ہے

خبررساں ایجنسی کے مطابق شہر میں ہنگامی حالت کا نفاذ کردیا گیا ہے اورلوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں