وزیراعظم اور اپوزیشن رہنماوں کی نیوزی لینڈ حملے کی مذمت


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان اور اپوزیشن لیڈرز نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی حملے کی مذمت کی ہے ۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ ان بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے 9/11 کے بعد تیزی سے پھیلنے والا “اسلاموفوبیا” کارفرما ہے جس کے تحت دہشت گردی کی ہرواردات کی ذمہ داری مجموعی طور پر اسلام اور سوا ارب مسلمانوں کے سر تھوپنے کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی جائز سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کیلئے بھی یہ حربہ آزمایا گیا۔

وزیراعظم پاکستان نے لکھا ہے کہ کرائسٹ چرچ (نیوزی لینڈ) میں مسجد پر دہشت گرد حملہ نہایت تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ یہ حملہ ہمارے اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے جسے ہم مسلسل دہراتے آئے ہیں کہ: “دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں”۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور انکے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکومتی اور اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے، ہم نیوزی لینڈ میں حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تفصیل حاصل کرنے کی کوشش کرر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نیوزی لینڈ: دو مساجد پر فائرنگ، 40 افراد جاں بحق متعدد زخمی

 

انہوں نے مزید معلومات کیلئے نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ممبر سید معظم شاہ کا رابطہ نمبر بھی دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی نیوزی لینڈ کی مسجد میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی جہاں بھی ہو اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفعہ پر آنا ہوگا۔ دہشت گردی ایک ناسور ہے اس ناسور کو ختم کرنا ہوگا۔

سابق صدر نے کہا کہ حکومت نیوزی لینڈ میں مقیم ہم وطنوں سے رابطہ کرے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں نامعلوم ملزمان نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے دو مساجد میں موجود افراد پر فائرنگ کرکے کم ازکم 40 افراد کو جاں بحق اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ کے مطابق 25 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔


متعلقہ خبریں