ملک ریاض کو بیرون ملک سفر کی اجازت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت مل گئی۔

ہم نیوز کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم ملک ریاض کو بیرون ملک سفر سے روکا گیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس میں ملک ریاض سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔

ملک ریاض کو وزارت داخلہ کے احکامات پر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم یہ ون ٹائم پرمیشن ہے جس مطلب یہ ہے کہ ملک ریاض اس اجازت کا استعمال صرف ایک مرتبہ ہی کرپائیں گے۔

مزید پڑھیں: ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے نام نظرثانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ کے احکامات پر ملک ریاض 30 دن کیلئے بیرون ملک سفر کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ 21 فروری کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ملک ریاض کی غیر مشروط معافی قبول کر لی تھی۔

ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹر باسط نے مؤقف اختیار کیا کہ توہین عدالت کے حوالے سے تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا ہے۔

معافی نامہ کے متن کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس پر معذرت خواہ ہوں اور تہہ دل سے عدالت سے معافی چاہتا ہوں۔

رواں ماہ دسمبر میں وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ کی جے آئی ٹی میں شامل 172 لوگوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے اور جن 172 لوگوں کے نام جے آئی ٹی میں شامل ہیں اُن کو ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے برہمی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ان 172 افراد کے ناموں کو ای سی ایل جائزہ کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں