ترقیاتی اسکیموں کیلئے اراکین اسمبلی کو فنڈز جاری کرنے کی منظوری

وزیراعظم کل پہلے دورے پر کراچی پہنچیں گے |humnews.pk

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا۔

ایک رکن اسمبلی کے حلقے میں ترقیاتی اسکیم کے لئے 15 کروڑ روپے تک کے فنڈز جاری کئے جائیں گے تاہم کسی رکن قومی اسمبلی کو براہِ راست فنڈز جاری نہیں کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا

ارکان اسمبلی سے اپنے اپنے حلقوں کی ترقیاتی اسکیمیں مانگی گئی ہیں، ترقیاتی کام سرکاری اداروں کے ذریعے کرائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 100 سے زائد ارکان اسمبلی نے اپنی اسکیمیں اسٹیئرنگ کمیٹی کو جمع کرا دی ہیں۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق 12 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہیں۔

اسٹیئرنگ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اراکین اسمبلی کو فنڈز جاری کرنے کے ناقد رہے ہیں۔

نومبر 2017 میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فنڈز جاری کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اقتداد میں آکر ڈیولپمنٹ فنڈ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سارے ڈیولپمنٹ فنڈز بلدیاتی اداروں کے پاس جائیں گے اور ڈسٹرکٹ میئرز کے براہ راست انتخابات کرائیں گے جس طرح لندن میں میئر کے لیے ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ترقیاتی فنڈز کے نام پر 94 ارب روپے ایم این ایز کو جاری کر دیئے ہیں جس کا مقصد لوگوں خریدنا ہے۔


متعلقہ خبریں