لندن: مسجد کے باہر شرپسندوں کی فقرے بازی، نوجوان پر حملہ


لندن: ایسٹ لندن میں مسجد کے باہرایک 27 سالہ نوجوان کو ہتھوڑے کے وار کر کے زخمی کردیا گیا ہے۔ نوجوان کے سر پر زخم آئے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق حملہ آوروں نے گاڑی کی اسکرین بھی توڑ دی۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک چشم دید گواہ کا کہنا ہے کہ کینن اسٹریٹ روڈ پر واقع عبادت گاہ کے قریب تین افراد پر مشتمل گروپ نے لوگوں کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے۔

چشم دید گواہ کے مطابق تینوں سفید فام شرپسندوں نے جمعہ کی نماز کے لیے آنے والوں کو ’مخصوص‘ نفرت انگیز الفاظ سے مخاطب کیا۔

سفید فام شرپسند حملے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس کو تین سفید فام شرپسندوں کی تلاش ہے۔

مشرقی لندن کی پولیس کے مطابق زخمی شخص کوطبی امداد دینے کے بعد اسپتال سے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو لندن پولیس نے بتایا ہے کہ کیڈ نمر CAD3563/15MARCH جاری کر دیا ھے۔

کیس رجسٹرڈ کرنے کے بعد پولیس نے پبلک سے درخواست کی ہے کہ اگر حملہ آوروں کے متعلق کسی کے پاس کوئی معلومات ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔

پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متاثرہ شخص ایشیائی ہے۔ ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ شخص نے پولیس کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے حملے کے بعد 24 گھنٹے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے کہ جس میں مسجد کے باہر کسی کو زخمی کیا گیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی تمام مساجد کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور اطراف میں مشتبہ اشخاص پر نگاہ رکھی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں