امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ 737 میکس طیارے کو اپ گریڈ کرنے میں مصروف


سنگاپور: حادثات کا شکار ہونے والے بوئنگ 737 میکس طیارے کا سافٹ ویئر مارچ کے اختتام تک اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

امریکن طیارہ ساز میکس 737 کے سافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن میں مصروف ہیں جو بہت جلد ایک ہفتہ سے 10 دن کے دوران جاری کر دیا جائے گا۔

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے کہا ہے کہ کمپنی 737 میکس طیاروں کے آپریشن پر فی الحال لگی پابندی کے باوجود طیارہ سازی جاری رکھے گی لیکن نئے طیاروں کی فراہمی فی الحال نہیں کی جائے گی۔

غور طلب ہے کہ انڈونیشیا میں ہونے والے طیارے کے حادثے کے پانچ ماہ کے اندر ہی بوئنگ 737 میکس کا ایک اور ہوائی جہاز اتوار کو ایتھوپیا میں حادثے کا شکار ہو گیا جس کے بعد امریکہ کے ریگولیٹری فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) نے بوئنگ کو آپریشن سے روک دیا تھا۔

گزشتہ اتوار کو ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارے کو حادثے کے بعد امریکہ نے بھی بوئنگ 737 طیاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ گرنے سے تمام 157 مسافر ہلاک ہو گئے تھے جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسی ماڈل کا طیارہ انڈونیشیا میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 189 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔

گزشتہ 5 ماہ میں بوئنگ 737 میکس طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ تھا۔ جس کے بعد یورپ کے بیشتر ممالک میں میکس طیارے گراؤنڈ کر دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ نے بھی بوئنگ 737 میکس طیاروں پر پابندی لگا دی

ایتھوپیا میں طیارے حادثے کے فوری بعد ہی چین نے بوئنگ 737 میکس طیارے گراؤنڈ کر دیے تھے اور گزشتہ 5 ماہ میں ہونے والے دونوں حادثات میں مماثلت کے سبب چین نے میکس طیارے گراؤنڈ کیے اور تحقیقات مکمل ہونے تک طیارے گراؤنڈ رکھنے کا اعلان کیا۔

بھارت کی جانب سے بھی میکس طیاروں کی اڑان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ بھارت نے میکس طیاروں کو اپنی فضائی حدود بھی استعمال کرنے سے منع کر دیا ہے۔

اتھوپیا ائرلائن کا بوئنگ 737 میکس طیارہ کریش ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے امریکہ کی تحقیقاتی ٹیم نے ایتھوپیا جانے کا اعلان کیا تھا جب کہ امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے 4 اہلکاروں نے بھی مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں