بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے

فوٹو: فائل


کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق بلوچستان میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ بلوچستان کے اضلاع سبی، نصیر آباد، مچھ سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیا گیا جب کہ سندھ کے علاقے گڑھی خیرو میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کا مرکز سبی کے شمال مغرب میں 43 کلو میٹر دور اور 16 کلو میٹر زیر زمین محسوس کیا گیا۔

زلزلہ کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے تاہم زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مچھ میں شدید زلزلے کی وجہ سے مڈل گورنمنٹ اسکول ٹوبہ جلال آباد کی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔ عمارت منہدم ہونے کے خدشہ کے باعث بچوں کو اسکول کے اندر جانے سے روک دیا گیا۔

فوٹو: ہم نیوز

6 ماہ قبل 24 ستمبر کو بھی سبی اور اس کے گردو نواح میں زلزلے  کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جب کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں فالٹ لائن پر قائم شہروں میں دوبارہ زلزلہ آسکتا ہے، ماہرین

محکمہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز سبی سے 22 کلو میٹر دور مشرق کی جانب تھا جب کہ گہرائی 30 کلومیٹر تھی۔

13 برس قبل کشمیر اور خیبرپختونخوا (کے پی) کو قیامت خیز زلزلے نے بری طرح تباہ کردیا جب کہ قیامت خیز زلزلے میں  87 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جب کہ زخمیوں کی درست  تعداد آج تک معلوم نہ ہوسکی۔

کشمیر میں آنے والے زلزلے سے وہاں کا انفرا اسٹرکچر بہت متاثر ہوا تھا جس کے بحالی کا کام آج تک جاری ہے جب کہ بالا کوٹ کا علاقہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا تھا۔

2008 سے قبل بحالی کا کام بھر پور طریقے سے ہوا لیکن 2008 کے بعد یہ کام ماند پڑنے لگا کیونکہ یہ کام بھی سیاست کی نذر ہو گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فالٹ لائن پر قائم شہروں پر کبھی بھی دوبارہ زلزلہ آسکتا ہے جب کہ 2005  سے قبل بھی زلزلے کی پیشن گوئی کر دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں