ہمارے ایک کھلاڑی سے مخالف ٹیم ڈرتی ہے، سرفراز



کراچی: پاکستان سپر لیگ4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شین واٹسن اکیلے ہی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان  سے مخالف ٹیم ڈرتی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے ٹاپ فائیو پلیئرز کی کارکردگی بہت عمدہ ہے، شین واٹسن پورے ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرتے رہے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں، اس بار ہم پوری اسٹرینتھ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کوشش کریں گے اس بار ہم ٹرافی اٹھائیں۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ زلمی کی بالنگ لائن بہت مضبوط ہے کوشش کریں گے ٹف ٹائم دیں، ہمارے کھلاڑی شین واٹسن اور عمر اکمل دونوں میچ ونر ہیں اور فارم میں ہیں، شین واٹسن اکیلے ہی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، واٹسن سے مخالف ٹیم ڈرتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹاپ کے پلیئرز کو رنز کرنا پڑیں گے، تب ہی اچھا اسکور کھڑا کر سکتے ہیں۔

’آج ٹرافی تم اٹھاؤ، کل میں اٹھاؤں گا‘

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے درمیان ٹرافی کی تقریب رونمائی میں دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

ڈیرن سیمی نے سرفراز احمد سے کہا کہ آج ٹرافی تم اٹھاؤ کل میں اٹھاؤں گا۔ سرفراز نے زلمی کے کپتان کو جواب دیا کہ یہ ٹرافی آج بھی ہم اٹھائیں گے اور کل بھی ہم ہی اٹھائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ4 کی ٹرافی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہنچا دی گئی جہاں مختصر تقریب رونمائی بھی ہوئی۔

تقریب رونمائی کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میڈیا سے بات چیت بھی کی۔

ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پورے پی ایس ایل میں اچھی کرکٹ کھیلی  لیکن ہمارے پاس بھی اچھے پلیئرز ہیں اور ہماری باؤلنگ بھی پہلے روز سے اچھی رہی ہے۔

زلمی کے کپتان نے کہا اگر پہلے بلے بازی کی تو کوشش کریں گے کہ بڑا اسکور کریں، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو یہاں فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور حسن علی بہت اچھی بولنگ کرتے ہیں اور یہ دونوں پاکستان کیلیے بھی مفید ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپنرہو یا فاسٹ بولر ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمارے پلیئرز بلاخوف کھیلیں گے۔

سیمی نے کہا کہ میرے لیے ذاتی پرفارمنس سے زیادہ اہم ٹیم کی کارکردگی ہے، حسن علی اور وہاب ریاض کی جوڑی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ  لیگ میں بولنگ کا معیار بہت اعلیٰ ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ پی ایس ایل سے بیٹسمین نہیں مل رہے۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2