اسد منیر خودکشی: چیئرمین نیب مستعفی ہوں، فرحت اللہ بابر



اسلام آباد: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) فرحت اللہ بابر نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کے ہتھکنڈوں سے ایک ریٹائرڈ بریگیڈیئر نے تنگ آ کر خود کشی کر لی، اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے چیئرمین نیب اس واقع کی تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دو ارب ڈالر کا تیل دینے کا وعدہ کیا تھا اب کیوں اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گیا ہے اس کی وجوہات بتائی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو کیس منتقلی سے متعلق کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرانے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے، ایک طرف یہ لوگ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی باتیں کرتے ہیں تو دوسری طرف یہ لوگ مولانا مسعود اظہر کو بچانے کے لئے چین سے مدد لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر اسد منیر کی خودکشی کے بعد چیئرمین نیب کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا، ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین ترامیم سے متعلق اپوزیشن جماعتوں میں بات چیت چل رہی ہے۔

نیب کا احتساب ہونا چاہئے، رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری

مزید برآں رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک فوجی آمر کا بنایا ہوا قانون ہے تاہم نیب قانون سے بالاتر نہیں اور ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسد منیر ک خودکشی کوئی چھوٹا واقعہ نہیں، اس پر جے آئی ٹی نہیں بلکہ اس کی تحقیقات پارلیمانی کمیٹی کرے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے افسران دودھ کے دھلے ہوئے نہیں ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔

نئیر بخاری نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث عوام بلبلا اٹھی ہے، حکومت کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی ویژن نہیں ہے اور یہ لوگ نیب کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں