بھارت نے عالمی اردو کانفرنس میں پاکستانی ادیبوں کو شرکت سے روک دیا



بھارتی انتہا پسند حکومت پاکستان دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے، کھیلوں کے بعد اب ثقافت بھی مودی سرکار کے نشانے پر آ گئی بھارت نے عالمی اردو کانفرنس میں پاکستانی ادیبوں کو شرکت سے روک دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں رواں ماہ 18-20 مارچ تک عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد ہونا تھا تاہم بھارتی حکومت نے پاکستانی ادیبوں کو شرکت سے روک دیا اور دعوت نامے بھی منسوخ کر دیئے۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر قومی اردو کونسل ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ پلوامہ حملے کے پیش نظر پاکستانیوں کا دعوت نامہ منسوخ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی دہلی میں ہونے والی عالمی اردو کانفرنس میں 9 پاکستانی ادیبوں کو شرکت کرنا تھی۔

حکومت ہو، عوام یا میڈیا کی زبان، بھارت میں ہر کوئی پاکستان مخالف راگ الاپ رہا ہے۔ انڈین ٹی وی چینلز نے پاکستانی کرکٹرز کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔

کوئی پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر دکھا کر پروپیگنڈہ کررہا ہے تو کسی نے بی سی سی آئی میں کرکٹرز کی تصاویر دکھا کر آسمان سر پہ اٹھا رکھا ہے۔ شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کا خطاب ٹویٹر پر شیئر کیا تو انتہا پسند بھارتیوں نے ان کے خلاف مورچہ سنبھال لیا۔

پاکستانی فنکار بھی بھارتی شہریوں کے نشانے پر ہیں۔ علی ظفر نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں ٹویٹ کیا تو انتہا پسند ہندوستانی ان کے خلاف زہر اگلنے لگے۔


متعلقہ خبریں