چینی ایروبیٹک ٹیم یوم پاکستان پر کرتب دکھانے پاکستان پہنچ گئی

March 16, 2019

چین کے پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس (پی ایل اے اےایف) کی ائیروبیٹک ٹیم یوم پاکستان کے سلسلے میں پریڈ میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایل اے اے ایف کے پائلٹ 23 مارچ کو اپنے جہازوں سے مختلف کرتب اور فن کا مظاہرہ کریں گے، پی ایل اے اےایف کے جہازوں میں جے ٹین ، جے جے فائیو فائٹر ٹرینر جیٹس شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل یوم پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں آگاہ کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ آذربائیجان کے وزیردفاع بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بحرین آرمی کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ یوم پاکستان پریڈ میں چین، سعودی عرب، سری لنکا، ترکی اور عمان کے حکام بھی آئیں گے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے یوم پاکستان کے موقع پر ایک پرومو بھی جاری کیا گیا ہے۔ پرومو کا دورانیہ 27 سیکنڈ ہے اور اس کے بول ہیں’ ہر دل کی آواز پاکستان زندہ باد‘۔

یوم پاکستان تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی

انتظامیہ نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور منعقدہ تقاریب کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 13 سے زائد مختلف نوعیت کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

18 مارچ سے30 مارچ تک پریڈ گراؤنڈ کے اطراف تمام شادی ہالز و ہوٹلز بند رہیں گے اور بس اڈے بھی بند رکھے جائیں گے۔

23 مارچ سے قبل شہر میں موجود تمام گیسٹ ہاؤسز کی سیکیورٹی چیکنگ کی جائے گی، شہر میں کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی رہے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں  ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کسی بھی قسم کے اسٹالرز لگانے پر پابندی ہوگی۔ گراؤنڈ کے قرب و جوار میں قائم بھینسوں کے باڑے بند رہیں گے اورانہیں کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔

اسلام آباد کی انتظامیہ نے گراؤنڈ کے اطراف میں جاری تعمیراتی کاموں پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ تعمیراتی کام 18 مارچ سے 30 مارچ تک بند رہے گا۔

پریڈ گراؤنڈ کے اطراف قائم فیکٹریاں اس دوران بند رکھی جائیں گی۔ گراؤنڈ اور اس کے گردونواح میں تمام سیٹلائٹس کو پرا پر طریقے سے چیک کیا جائے گا۔ گردونواح میں جھاڑی نما درختوں کی کٹائی کو 23 مارچ سے قبل یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز