حکومت کا ملک بھر میں ناکارہ موٹلز کو بند کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد : سیاحت کے فروغ میں مشکلات پر حکومت نے اہم اقدام لے لئے، ملک بھر میں ناکارہ موٹلز کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اس ضمن میں پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پی ٹی ڈی کے مینجنگ ڈائریکٹر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمیٹی نے ملک بھر کے کا ناکارہ موٹلز یونٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مراسلے کے مطابق یونٹس کو بند کرنے کا فیصلہ ان کے مسلسل خسارے میں جانے کے باعث کیا گیا ہے، بند ہونے والے یونٹس میں پی ٹی ڈی سی موٹل ٹیکسلا سر فہرست ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی ڈی سی موٹل چھتر،چکدرہ، استک اور پی ٹی ڈی سی موٹل خذدار اور دامن کوہ اسلام آباد بھی بند کیا جائے گا۔

مراسلے میں تمام ناکارہ یونٹس کی تمام انوینٹریز اور کھاتوں کا ریکارڈ کنٹرولر فنانس پی ٹی ڈی سی ہیڈکواٹر جمع کرانے کے ساتھ ساتھ ناکارہ یونٹس بند کر کے ریکارڈ کی تیاری کے بعد تالے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کچھ  ماہ قبل اسلام آباد میں حکومت کی سیاحت کی پالیسی سے متعلق سینئر صوبائی وزیرعاطف خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکڑ فہمیدہ مرزا نے بتایا تھا کہ پاکستان کے تمام صوبے سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کریں گے اس ضمن میں وفاقی حکومت سیاحتی مقامات کی سیکیورٹی کے مسائل کو دور کرنے کیلئے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستانی سیاحت سے متعلق دنیا میں ایک مثبت پیغام دیاجا رہا ہے، عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، ملک کے مختلف مقامات سیاحت کے لئے پرکشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آغازمیں ملک بھر کے 20 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں گے، ویزا اجراء کی پالیسی کو آسان بنا دیا گیا، سیاحت کے فروغ کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ویزے کے اجرا کا تھا۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم نے سیاحت سے ملک کی ریونیو کو بڑھانا ہے، پاکستان سیاحت کے اعتبار سے جنت کا ایک ٹکڑا ہے، وزیراعظم جہاں جاتے ہیں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی سیاحت پر خصوصی توجہ مرکوزہے، ہم نے سیاحت سے ملک کے ریونیو کو بڑھانا ہے۔

اس موقع پر سئینر وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔پاکستان میں بھی حالات کی بہتری کے بعد سیاحت کے فروغ کے لئے وزٹ پاکستان کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو اس بات پر اتفاق کرکے ایک پلیٹ فارم پرآنا چاہیے تاکہ شعبے میں موجود مسائل کا مشترکہ طورپر خاتمہ کیا جاسکا۔ صوبے میں سیاحت میں اضافے سے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں نئے مواقع آئیں گے۔


متعلقہ خبریں