آئندہ ماہ آئی ایم ایف کا مشن پاکستان آئے گا، اسد عمر


اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ آئی ایم ایف کا مشن پاکستان آئے گا جس میں معاہدہ متوقع ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکالنے والی بات نہیں کی، مجھ سے منسوب خبریں غلط ہیں، غلط خبر چلانے پر متعلقہ ادارے کو قانونی نوٹس بھجوا سکتا ہوں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف معاہدہ کرنے کے قریب ہیں، اسد عمر

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب عمارات کسی ملک کو ادھار تیل نہیں دیتا، پاکستان کو بھی نہیں ملے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ چین کے ساتھ ادھار پر تیل کا معاملہ زیر غور نہیں تاہم زر مبادلہ کے زخائر کیلئے دو ارب ڈالر ملنے کی بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان میں نئے مشن چیف تعینات کر دیئے گئے ہیں، اگلے ماہ آئی ایم ایف کا پورا مشن پاکستان آئے گا جس میں معاہدہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں اور موبائل پر ٹیکسوں کی وجہ سے ٹیکس کم اکھٹا ہوا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بلاول زرداری مجھے جو کچھ کہیں کوئی اثر نہیں پڑتا، شکر ہے انہوں نے مجھے پڑھا لکھا جاہل کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس بات پر اعتراض اٹھایا تھا کہ بلاول کے بیانیے کو بھارت ہمارے خلاف ہی استعمال کرے گا، میری بات سچھ ہوئی اگلے روز بھارتی اخبارات کی یہی شہ سرخیاں تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جتنی گالیاں نکالنی ہیں نکال لیں پاکستان کو نقصان نہ پہنچائیں۔


متعلقہ خبریں