دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زیادہ نقصان مسلمانوں کا ہوا، گورنر پنجاب


لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت سے ہی بے روزگاری کو ختم کر سکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کا ہوا۔

گورنر پنجاب نے نجی ہوٹل میں منعقدہ زرعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو میں کہتا تھا پاکستان زراعت کے ذریعے ہی ملک سے بے روزگاری کو ختم کر سکتا ہے اور اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو بے روزگاری کو ختم کرنا ہو گا جب کہ یہ کام صرف کسان ہی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 70 سالوں میں کسی حکومت نے اس شعبہ میں کوئی کام نہیں کیا جب کہ کسان کو بہتر سہولیات دینے کے لیے ہماری حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہماری کم ایکسپورٹ ہے اور اس وقت ہمارا تمام فوکس ایکسپورٹ کو بڑھانے پر ہے۔ ہم اپنی ایکسپورٹ کو ڈبل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کسان یورپین ممالک کیا ہمسائے ملک کے کسانوں کا بھی مقابلہ نہیں کر سکتا، دیگر ممالک ممالک میں کھاد ہاف قمیت پر ملتی ہے اور ان کا بیج اصلی ہوتا ہے، ہماری حکومت ایگریکلچر ریسرچ پر بھی کسانوں کے ساتھ تعاون کرے گی۔

چوہدری محمد سرور کسان کا بیٹا ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی ایک کسان کا بیٹا ہوں اور کسان ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں 70 سالہ غلط فیصلوں سے ملک کی حالت خراب ہوئی، گورنر پنجاب

انہوں نے ملک میں پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پانی کے صیح استعمال پر بھی توجہ دینی ہے کیونکہ اگلے چند سالوں میں پاکستان میں پانی کا بحران آنے والا ہے جب کہ ہمیں بارش کے پانی کو بھی محفوظ کرنا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے سانحہ نیوزی لینڈ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو پاکستانی شہید ہوئے ہیں میری دُعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ساری دنیا اکھٹی ہے۔ میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ مسلمان شہید ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں