بلاول بھٹو کو ‘دھمکیاں’ دینے پر پییلزپارٹی کی شیخ رشید کیخلاف قانون کارروائی کے لیے مشاورت


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو مبینہ دھمکیاں دینے پر پی پی کی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف قانون کارروائی کے لیے مشاورت جاری ہے۔

سیکریٹری جنرل پی پی پنجاب چودھری منظور نے کہا ہے کہ شیخ رشید سیاسی مسخرہ ہے، ان کا حالیہ بیان دھمکی ہے، اسے سنجیدگی سے لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے وکلا سے قانون مشاورت جاری ہے۔ چودھری منظور نے کہا کہ ان کی جانب سے قتل کی دھمکی نظرانداز نہیں کر سکتے۔ یہ اسی طرح کی دھمکی ہے جیسی آمر مشرف نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بچہ ہے ،مجھ سے بچ کر کھیلے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے بعد شیخ رشید نے یہ دھمکی دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے کالعدم جماعتوں اور دہشت گردوں سے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ اس دھمکی میں حکومت اور خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کی منشا بھی شامل ہے، اگر حکومت کی منشا شامل نہیں تو حکومت انہیں کابینہ سے نکال کر ان کے خلاف کارروائی کرے۔

چودھری منظور نے کہا کہ اگر اب بھی شیخ رشید کی کابینہ کا حصہ رہا تو سمجھا جائے گا یہ دھمکی حکومت کی طرف سے ہے، دیکھنا ہوگا کہ یہ دھمکیاں حکومت، کالعدم جماعتوں یا کسی اور کوارٹر کی طرف سے آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کئی کوارٹرز کے ترجمان بنے ہوئے ہیں اس لئے سب کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کو بھی کہوں گا کہ اس معاملے پر سی ای سی کا اجلاس بلایا جائے، چیئرمن بلاول بھٹو بہادر ماں باپ کا دلیر بیٹا ہے، انہیں ان دھمکیوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا۔

واضح رہے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو کہا تھا کہ وہ مجھ سے بچ کر کھیلیں۔


متعلقہ خبریں