پی ایس ایل فائنل: ’ کرائسٹ چرچ حملے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے‘


کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ انتظامیہ سے کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی درخواست کردی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ میں 9معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔

شاہد آفریدی کے مطابق شہدا کو خراج عقیدت کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائے۔

خیال رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد نے دو مساجد میں فائرنگ کرکے نو پاکستانیوں سمیت 50 نمازیوں کو شہید کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں سانحہ کرائسٹ چرچ: پاکستانی شہدا کی تعداد 9 ہوگئی

خبررساں ایجنسی کے مطابق سانحۃ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا اورزخمیوں کی امداد کے لیے اب تک 50 لاکھ ڈالرز لوگوں کی جانب سے جمع کیے جا چکے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق دیہی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا مجرم ایک جم ٹرینر تھا لیکن یورپ کے دورے کے بعد ’نیو فاشزم‘ کے نظریے کا شکارہوا۔ برینٹن ٹارنٹ خود کو ایک عام ‘سفید فام’ کہلاتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں 50 افراد کو قتل کرنے والے برینٹن نے مقامی عدالت میں مختصر پیشی کے دوران سفید فام کی ’طاقت‘ کا نشان بنایا لیکن وہ دہشت گردوں کی واچ لسٹ میں شامل نہیں تھا۔

آج وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ پر پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا جب کہ کرائسٹ چرچ واقعہ پر وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ واقعہ میں 50 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ کرائسٹ چرچ حملے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ واقعے میں کل 10 پاکستانی متاثر ہوئے ہیں، ایک شہری کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ بہت پر امن ملک ہے اور وہاں کبھی اس طرح کا واقعہ نہیں ہوا ہے، نیوزی لینڈ کی عوام بھی بہت غمزدہ ہیں۔ دہشت گردی میں ملوث شخص کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جب کہ نیوزی لینڈ پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لیا ہے۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2