پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا موٹر وے پر لینڈنگ کا مظاہرہ


اسلام آباد:پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے روڈ رن وے موٹر وے پر لینڈنگ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ طیاروں نے موٹروے اور ہائی وے پرمختلف مقامات پر لینڈنگ اور ٹیک آف کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ لینڈنگ کے بعد طیاروں کو موٹروے پر ہی ہتھیاروں سے لیس کیا گیا۔

موٹروے پر ہی پاک فضائیہ کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی کا کامیاب مظاہرہ بھی کیاگیا۔ حکام کے مطابق اس مشق کا مقصد پاک فضائیہ کے ہائی ٹیمپو فضائی آپریشنز کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔وفاقی وزیر برائے مواصلات، مراد سعیدکے علاوہ سینئر ملٹری افسران اور اعلٰی سول عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

دوسری طرف یوم پاکستان کی پریڈ کے لیے چین سے آنے والے طیاروں نے بھی آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فضائی پریکٹیس کا شاندار مظاہرہ کیا ۔

J-10 fighter jets from the Chinese military aerobatics team perform during a rehearsal, ahead of the Pakistan Day military parade in Islamabad, Pakistan March 18, 2019. REUTERS/Akhtar Soomro

چینی سفارتکار لی جیان ژاؤنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’اگست فرسٹ یعنی با ژی ایکروبیٹ ٹیم چین سے پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

انہوں نے لکھا یہ پیپلز لبریشن آرمی ائر فورس کی ٹیم ہے ۔اس کا نام یکم اگست 1927کو قائم ہونے والی پیپلزلبریشن آرمی کی مناسبت سے رکھا گیاہے ۔ یہ یونٹ 2013سے  دنیا کے 166ممالک میں 500سے زائد مرتبہ اپنے فن کا مظاہرہ کرچکاہے ۔

اس سے قبل خبر آئی تھی کہ  یوم پاکستان کی تیاروں کے سلسلے میں آج موٹروے ایم ون اور موٹروے ایم ٹو بند رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موٹروے سے سفر کرنے والوں کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان ڈے پریڈ کی تیاریوں کے حوالے سے 18 مارچ کو موٹروے ایم ون اور موٹروے ایم ٹو ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

اسلام آباد سے پشاور جانے والی موٹروے ایم ون برہان سے صوابی جب کہ اسلام آباد سے لاہور جانے والی موٹروے ایم ٹو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے صبح سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا لوگوں کو آگاہ کرنے کا مقصد پیشگی پریشانی سے بچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد: یوم پاکستان کی تیاریاں مکمل، 13سرگرمیوں پر پابندی عائد

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پاکستان ڈے کے موقع پر حفاطتی اقدامات کے پیش 17، 19 اور 21 مارچ  کو صبح 12 سے دوپہر 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ اسلام آباد راولپنڈی میں ممنوع ہو گا، شہریوں سے گزارش ہے کہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں، موبائل فون ایپلیکیشن ” این ایچ ایم پی ہمسفر ‘‘ میں تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

پاکستان ڈے سے قبل اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پریڈ گراؤنڈ سے ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ کو قومی جوش و جذبے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے ریہرسل بھی شروع کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں