گیس بلوں کی اضافی رقم، وزیر اعظم نے رقم مختص کر دی

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گیس بلوں میں اضافی رقم واپس کرنے کے لیے رقم مختض کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے گیس بلوں کی اضافی رقم واپس کرنے کے لیے وزارت خزانہ کو 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ گیس بلوں کی اضافی رقم مرحلہ وار بنیادوں پر واپس کی جائی گی۔

وزیر اعظم نے رواں سال جون تک تمام اضافی رقم واپس کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ اووربلنگ کی رقم تین مراحل میں واپس کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ اپریل میں گیس صارفین کے بل ایڈجسمنٹ کے ساتھ آئیں گے جب کہ سوئی ناردرن کمپنی پہلے مرحلے میں پانچ کروڑ روپے صارفین کو واپس کرے گی۔

واضح رہے گزشتہ ماہ 45 ہزار سے زائد صارفین اووربلنگ سے متاثر ہوئے تھے۔

گزشتہ ماہ 26 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سی اعلی سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں گیس بلوں سے متعلق انکوائری رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں گیس بلوں میں اضافہ، وزیر اعظم کا اضافی رقم واپس کرنے کا حکم

وزیر اعظم نے گیس بلوں میں اضافی رقم کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور متاثرین کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا تھا۔

چیئرپرسن آئل اینڈ گیس ریگولیڑی اتھارٹی (اوگرا) عظمیٰ عادل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گیس کے بلز میں اووربلنگ نہیں ہوئی ہے تاہم سلیبز تبدیل ہونے سے گیس کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا لیکن گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اختیار حکومت کے پاس ہے، اوگرا کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

گیس حکام نے کہا تھا کہ ایک سلیب کی قیمت 600 سے 1460 روپے پر چلی گئی ہے۔ اس وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔


متعلقہ خبریں