عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی گنجائش نہیں ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی گنجائش نہیں ہے۔ ملک لوٹنے والے چور، ڈاکو منہ چھپائے پھر رہے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون دونوں کے رہنماؤں کو عدالتوں سے ضمانت چاہیے۔ انہیں تو نہ پاکستان کا ڈاکٹر پسند ہے اور نہ ہی پاکستانی دوائی۔

انہوں نے شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف شہباز شریف کو این ار او مانگتے دیکھا اور سنا ہے وہ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بلاول بھٹو سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈر لگتا ہے کہ بلاول بھٹو کی سیاست ختم نہ ہو جائے، لوگوں سے بی بی کی شہادت کو کیش کرایا گیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 30 مارچ کو لاہور اسٹیشن سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ جو 15 سے 16 گھنٹے میں کراچی پہنچ جائے گی جس کا کرایہ 7 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے جب کہ تافتان سے کوئٹہ تک اسٹینڈرڈ گیج کا نیا ٹریک بنایا جائے گا۔

اگر ایل این جی ہمارے لوکوموٹیو میں کامیاب رہی تو آئل پر ہونے والا خرچہ 18 ارب سے 9 ارب پر آ جائے گا، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ غریبوں کے لیے نائٹ ٹرین سروس جلد شروع کر رہے ہیں، جس کے ذریعے نئے اسٹیشن متعارف کروائیں گے جب کہ اوورسیز پاکستانی اپنے انجن لیکر آئیں تو ہم ان کو ٹریک دینے کو تیارہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر کو ہم نے چار ٹرینیں دے دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بچہ ہے ،مجھ سے بچ کر کھیلے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ریسرچ اور پلاننگ سینٹر بنایا گیا ہے جب کہ اب ہماری خواہش ہے کہ ایم ایل ون پر سائن ہو جائے۔ پورے ملک میں ٹریک کو بدلنے کے لیے ٹینڈر لگا دیے ہیں جس میں ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا جب کہ دوسری ٹرینوں کو نئی کرنے کے لیے بھی 26 مارچ کو ٹینڈر کھول رہے ہیں۔

شیخ رشید نے اعلان کیا کہ ریلوے 10 ہزار نوکریاں دینے جا رہی ہے جب کہ ہم نے ایک روپے کی بھی امپورٹ نہیں کی اور نہ ہی کوئی زمین لیز پر دی ہے۔ ساری انکم ہمارے اپنے ذرائع سے آئی ہے۔

پینشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں پنشن کے معاملات حل کر لیں۔ ریلوے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو پنشن دے رہی ہے اور ہم ان کو کوئی متبادل سہولت دینا چاہ رہے ہیں۔

مدارس پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید جذباتی ہو گئے، کہا کہ جو بھی مدارس کی طرف بڑھے گا اس کو میری لاش سے گزرنا پڑے گا۔ میں ان مدارس کو پاکستان کا قلعہ سمجھتا ہوں۔ اگر میرے محلے کی مسجد کا قاری ابھی جہاد کا اعلان کر دے تو میں ابھی نکل جاؤں گا۔


متعلقہ خبریں