عام انتخابات 2018 ملکی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن قرار


اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عام انتخابات 2018 کے انتخابات شفاف اور ملکی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن رہے۔

ہم نیوز ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ سال جولائی میں ہونے والےعام انتخابات سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انتخابات پر 20 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئے، انتخابات میں پولنگ عملے کی مکمل تفصیلات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو بھی اطمینان بخش قراردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے متعلق تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں، غیرسرکاری تنظیموں اور میڈیا کے فیڈبیک کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلی رپورٹ 31 مارچ سے قبل پارلیمنٹ میں جمع کرادی جائے گی۔

واضح رہے ملک میں ہونے والے عام  انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلی بار رزلٹس ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) متعارف کرایا گیا تھا جس میں مبینہ طورپرتکینکی خرابی پیداہونے سے نتائج تاخیرکا شکار ہوئے تھے جس پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہارکیا تھا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں اسی سلسلے میں الزامات کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی جس میں اپوزیشن اراکین بھی شامل ہیں۔

کمیٹی کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کوشفاف بنانے کی سفارشات تیار کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے تاہم اس سلسلے میں واضح پیشرفت اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔


متعلقہ خبریں