کشمیر کے سوا آؤٹ آف دی باکس کوئی فارمولا نہیں، مسعود خان



اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کسی قسم کا آوٹ آف باکس فارمولا جو کشمیریوں کو قبول نہ ہو قابل عمل نہیں ہے۔

اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آؤٹ آف دی باکس کوئی فارمولا نہیں باکس میں فارمولا صرف کشمیر ہے، اس فارمولے کی کوئی حیثت نہیں جس سے کشمیری اتفاق نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے نئے کشمیر فارمولے نئے لیبل میں پرانی شراب کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ پہلے غیر مسلح کرو پھر کشمیریوں کو مارو یہ بھارتی پالیسی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خطے میں امن کے لیے کشمیر کا حل ناگزیر ہے، تہمینہ جنجوعہ

صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ ہم ہند نواز کشمیری لیڈروں کی بات نہ کریں بلکہ پاکستان نواز کشمیریوں کی بات کریں، ہند نواز سہولت کاروں کے دھوکے میں نہ آئیں وہ نیا روپ اختیار کرکے سامنے آرہے ہیں۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف فارمولے ہو یا کوئی اور کشمیریوں کو تقسیم کرنے کے سواکچھ نہیں ہیں، کشمیریوں کے لیے ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر دنیا نے اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں، مسعود خان 

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واضح اعلان ہے نہ استصواب رائے  کے علاوہ کچھ قبول ہے نہ پاکستان سے فاصلہ ہوگا۔

صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد مزید دس ہزار فوجیوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن غیرمسلح آبادی پہلے بھی قابض فوج سے لڑتی رہی ہے، وہ اب بھی بھارت کے آگے نہیں جھکے گی۔

مسعود خان نے کہا کہ مسلم امہ تقسیم ہے اس لیے کشمیر، فلسطین سمیت دنیا بھر میں اس کی قیمت چکا رہی ہے، اسلام دشمن متحد ہیں لیکن ہمارے اندر اتحاد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں سوچ تھی کہ پاکستان کو شکست دینا آسان ہے لیکن پوری قوم نے متحد ہو کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔


متعلقہ خبریں