افغان کرکٹ ٹیم کی پہلی کامیابی، وزیراعظم عمران خان کی پشتو میں مبارکباد


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی جیت پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹرپر افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی پہلی فتح کے حوالے سے ٹویٹ کی اور لکھا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں داخلے کے تھوڑے ہی عرصے میں افغان کھلاڑیوں نے زبردست کامیابی سمیٹی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے حسب معمول پہلے انگریزی پھر اردو میں مبارکباد دی اور اس کے بعد نئی روایت قائم کرتے ہوئے پشتوزبان میں بھی وہی الفاظ دہرائے۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

واضح رہے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ برس ہی ٹیسٹ اسٹیٹس ملا تھا جس کے بعد پہلے میچ میں بھارت سے شکست ہوئی تھی تاہم دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے افغان ٹیم نے اپنی آمد کا اعلان کردیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی افغانستان کو اس کامیابی پر سراہتے ہوئے لکھا کہ افغانستان نے تاریخ بنائی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی کا ذائقہ چھکنے کی فہرست میں سب سے اوپرنام آسٹریلیا ہے جس نے اپنے پہلے ہی میچ میں فتح حاصل کی تھی، انگلینڈ اور پاکستان نے ٹیموں نے اپنےدوسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کا پانچواں نمبر ہے جس نے اپنے چھٹے میچ میں پہلی بار میچ جیتا، زمبابوے نے 11ویں ٹیسٹ، جنوبی افریقی ٹیم نے 12 ویں اور سری لنکن ٹیم نے 14 ویں میچ کے بعد کامیابی حاصل کی۔

فوٹو:کرک انفو

بھارت کی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح حاصل کرنے کے 25 میچوں کا انتظار کرنا پڑا، بنگلہ دیش کو 35 ویں میچوں کے بعد کامیابی ملی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے طویل انتظار اور جدوجہد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کرنا پڑا جس نے 45 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔

 


متعلقہ خبریں