تاریخی لمحہ رقم، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی


تھرپارکر: پاکستان کا ایک اور لمحہ تاریخ میں اس لحاظ سے رقم ہوگیا کہ تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی۔

ہم نیوز کے مطابق تھرکول کے 330 میگاواٹ پاورپلانٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی دیدی گئی۔ اس طرح تھر بدلے گا پاکستان کے حقیقی خواب کی تعبیر کی جانب پہلا قدم اٹھ گیا۔

نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کے موقع پر تھرکول اتھارٹی کے ملازمین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہارکیا۔

ملازمین نے اظہار مسرت کے طور پر ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور کامیاب قدم اٹھنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا ہے کہ آج پاکستان کیلئے بڑا دن ہے۔ تھرکول سے بجلی بنانے والے پہلے 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کو نیشنل گریڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

سندھ میں مقامی کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والا ایک اور پاور پلانٹ بھی 2019 میں ممکنہ طور پر کام شروع کر دے گا۔

تھر میں کوئلے کے ذخائر کو 13بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 98 مربع کلو میٹر کا رقبہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے پاس ہے جس میں1.57 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے جس کے ذریعے آئندہ پچاس برس تک5ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔

تھر کوئلے سے حا صل ہو نے والی بجلی کے نرخ ابتدا میں 17.4 جو 8سال کے اندر کم ہو کر08.2روپے فی یونٹ رہ جائیں گے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تھرکول پاور پلانٹ فعال ہونے پر قوم کو مبارکباد دی گئی ہے۔

بلاول بھٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پراجیکٹ پر شب و روز کام کرنے والے انجنیئرز اور دیگر اسٹاف ہمارے ہیرو ہیں۔سندھ کی عوامی حکومت نے جو کہا تھا، وہ کرکے دکھا دیا۔وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

بلاول بھٹونے کہا سلیکٹڈ وزیراعظم نے سندھ کے فنڈز سے غیرقانونی طور 120 ارب روپے کی کٹوتی کردی ہے۔ معاشی مشکلات کے باوجود تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار حکومتِ سندھ کا کارنامہ ہے۔تھر کے کوئلے سے 330 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگئی ہے۔

بلاول نے کہا کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ایک خواب شرمندہ تعبیر ہوا، اب تھر بدلے گا پاکستان۔


متعلقہ خبریں