کراچی: طارق روڈ پر پولیس مقابلہ، راہ گیر شہری رب نواز جاں بحق

کراچی: طارق روڈ پر پولیس مقابلہ، راہ گیر شہری رب نواز جاں بحق

کراچی: شہرقائد میں طارق روڈ پر پولیس مقابلے میں شہری جاں بحق اور رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا۔ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہوا جب کہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق مقابلے پر رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں اللہ والی چورنگی پر تعینات رینجرز اہلکار نے ڈکیتی کر کے فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوارملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے جوانوں پر اسلحے سے سیدھی فائرنگ کر دی۔

ترجمان کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار لانس نائیک محمد طارق گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ رینجرز کے جوانوں نے ڈاکوؤں پر جوابی فائرنگ کی تو اس سے ایک ملزم احسان الٰہی شدید زخمی ہوا جب کہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری رب نواز جاں بحق ہوگیا۔

فائرنگ سے ایک اور شہری توقیر گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوا جسے بعد ازاں اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک عدد موٹر سائیکل 125 برنگ سرخ اپلائڈ فاررجسٹریشن برآمد ہوئی ہے جو تھانہ بہادرآباد کی حدود سے جولائی 2018 میں چھینی گئی تھی۔

جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹرسائیکل کے علاوہ ایک عدد 30 بور پستول لوڈڈ اورچارعدد چھینے گئے موبائل فون بھی بر آمد ہوئے ہیں جن کی تصدیق موقع پر موجود شہریوں نے بھی کی ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زخمی ملزم احسان الٰہی سندھ پولیس سے برطرف شدہ ہے اور جائے وقوعہ سے ملنے والا اس کا کارڈ بھی جعلی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر میہسرکا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کی شہری سے لوٹ مارپر رینجرز اہلکاروں نے جب رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کردی جس سے ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا۔

ایس ایس پی کے مطابق رینجرز کی فائرنگ کے باعث ایک ڈاکو احسان زخمی ہو گیا جب کہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر رب نواز جاں بحق ہوگیا۔

غلام اظفر میہسرنے تصدیق کی کہ زخمی ڈاکو پولیس کا برطرف سپاہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ طارق روڈ سے جناح اسپتال لائے جانے والے افراد کی تعداد تین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں افراد کو گولیاں لگی ہیں۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والا رب نواز جاں بحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کو سر میں گولی لگی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال لائے جانے والے احسان اور توقیر نامی دوافراد زخمی ہیں جن میں سے احسان کی حالت تشویشناک ہے البتہ توقیر کو ٹانگ میں گولی لگی ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق شدید زخمی شخص احسان کو جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگی ہیں اور اس کے پاس سے پولیس کارڈ بھی ملا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق طارق روڈ پر ہونے والے  پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے رب نواز کے لواحقین نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول رب نواز کو ڈاکو قرار دے کر قتل کیا گیا ہے۔

مقتول رب نواز کار میں سوار تھا اور گولی گاڑی کا شیشہ توڑ کر اسے لگی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رب نواز کے ساتھ گاڑی میں ایک اور شخص بھی تھا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ رب نواز پیشے کے اعتبار سے مکینک تھا اورپرانی سبزی منڈی کے قریب اس کا ورکشاپ ہے۔مقتول رب نواز شادی شدہ اور ایک بچی کا باپ تھا۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے پولیس مقابلے پر اپنے مؤقف میں اس لحاظ سے ’یوٹرن‘ لیا ہے کہ جس شخص کو ابتدا میں ڈاکو قرار دیا گیا اب اسے راہ گیر شہری بتا رہی ہے۔

کراچی پولیس کے مؤقف میں اب جناح اسپتال میں زیرعلاج زخمی احسان الٰہی ڈاکو ہے اور اس کا ساتھی فرار ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس مقابلے میں جاں بحق شہری رب نواز کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ مقتول کا پوسٹ مارٹم ایم ایل او جناح اسپتال اعجاز احمد نے کیا۔

ایم ایل او کے مطابق مقتول کے سر میں ایک گولی لگی ہے جو چھوٹے پستول کی ہے۔ گولی فارنسک کے لیے بھیجی جائے گی۔

ایم ایل او ڈاکٹر اعجاز احمد کے مطابق مقتول کی شرٹ اور گولی کا ’سکہ‘ حقیقات کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مقتول رب نواز کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں