پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز 22 مارچ سے شروع ہو گی

پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز 22 مارچ سے ہو رہا ہے

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 22 مارچ سے ہو رہا ہے۔ ہوم سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑی دبئی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1975 سے لے کر اب تک 98 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ جن میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری رہا۔

آسٹریلیا پاکستان کے خلاف 62 ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کر چکا ہے جب کہ پاکستان صرف 32 میچوں میں فتح یاب ہوا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی آسٹریلیا کا ریکارڈ پاکستان کے مقابلے میں بہتر ہے۔ 14 میچوں میں سے آسٹریلیا نے 8 بار پاکستان کو یو اے ای کے میدانوں میں شکست سے دو چار کیا ہے۔ دونوں کے درمیان آخری سیریزجنوری 2017 آسٹریلیا میں کھیلی گئی۔ جس میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یو اے ای میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریز اکتوبر 2014 میں کھیلی گئی۔ جس میں پاکستانی ٹیم کو 0۔3 سے شکست ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں آسٹریلیا ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، ملک کپتان مقرر

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اب دو سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں مد مقابل آئیں گی لیکن اس دوران ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان آسٹریلیا کو ہرا چکا ہے۔

آسٹریلین ٹیم ریبلڈنگ پروسس میں ہے مگر بھارت کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں دھول چٹا کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جب کہ پاکستان کپتان سمیت 6 اہم کھلاڑیوں کے بغیر اس سیریز میں آسٹریلیا کو چیلنج کرے گا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپی ہے۔

قومی ٹیم کے ایک روزہ اسکواڈ میں شعیب ملک (کپتان)، عابد علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسین، محمد رضوان (وکٹ کپیر)، سعد علی، شان مسعود، عمراکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں