عائشہ گلالئی نے شیخ رشید کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کر دی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف گلا لئی گروپ کی سربراہ عائشہ گلا لئی نے شیخ رشید کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کر دی۔

عائشہ گلا لئی نے الیکشن کمیشن پاکستان میں شیخ رشید کے خلاف درخواست دائر کی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ویڈیو بیان میں آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کسی مذہب پر حملہ کرنے کی اجازت ہمارا مذہب اسلام اور آئین پاکستان نہیں دیتا، شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مندروں میں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔

شیخ رشید کے ویڈیو بیان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا گیا کہ شیخ رشید کی جانب سے امن عامہ میں خلل ڈالا گیا ہے اور اُن کے ویڈیو پیغام سے پاکستانی عوام کو اقلیتوں کے خلاف اشتعال دلائے جانے کا خطرہ ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایسا بیان دے کر بطور رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر اپنے عہدے کے حلف کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں شیخ رشید کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے ہندوؤں کے بارے میں متعصبانہ بیان دیا۔ درخواست میں الیکشن کمیشن سے شیخ رشید کی 62 اور 63 کے تحت نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہے، ہندوؤں کے ساتھ نہیں۔ شیخ رشید نے بطور وزیر اور رکن قومی اسمبلی حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ شیخ رشید نے اپنے بیان میں نریندر مودی کی طرح عوام کو اشتعال دلایا۔

یہ بھی پڑھیں ایل این جی کیس،شیخ رشید کی نیب میں پھر طلبی

عائشہ گلالئی نے کہا کہ شیخ رشید کو گلی محلوں کی چالاک باتیں تو آتی ہیں لیکن کام کی بات نہیں آتی۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی ریاست مدینہ ہے جہاں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے، پشاور کی جنگلا بس 100 روپے ارب روپے تک پہنچ گئی جب کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبے میں تاخیر ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں