لوگ ڈیم کی تعمیر کے لئے دوا بھی کریں اور دعا بھی، ثاقب نثار

فوٹو: فائل


سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہےجس کے لئے آبی ذخائر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے،سپریم کورٹ نے دو ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا ، ڈیموں کی تعمیر آسان کام نہیں، اس کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کینیڈا کے دارالحکومت اٹاوہ کی بلال مسجد میں ڈیم فنڈ کے لئے اپیل کے دوران کہا کہ سپریم کورٹ نے اس قومی مقصد کے لئے عوام سے اپیل کی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو خشک سالی سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے بہت فراخدلی سے عطیات دیئے ہیں اور ’آئی ایم پاکستان موومنٹ‘ کے احمد سید صاحب نے بہت شاندار کام کیا ہے۔

ثاقب نثار نے کہا کہ مونٹریال اور ٹورنٹو کے فنڈ ریزنگ ایونٹ بہت شاندار ثابت ہوئے، پاکستان میں 24 جولائی پانی کے تحفظ کا عالمی دن ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیمز بنانا بہت ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ڈیم کی تعمیر کے لئے دوا بھی کریں اور دعا بھی، آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بچانا بھی آپ کی ذمےداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کے لئے بہت جذبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں رہنے والے شاید اتنا پیار نہیں کرتے جتنا ملک سے باہر رہنے والے کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ سپریم کورٹ کے پاس لوگوں کی امانت ہے۔ آپ لوگ خود بھی عطیات دیں اور دوسرے لوگوں کو بھی تحریک دلائیں۔

واضح رہے ڈیم فنڈ میں اب تک دس ارب روپے سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے تاہم مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 1450 بلین روپے ہے۔


متعلقہ خبریں