نواز شریف کو پاکستان کے اسپتالوں پر اعتبار کرنا چاہیئے، علی اعوان


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی اعوان نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ اجازت دے دیتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کا علاج باہر ہونا چاہئے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کے اسپتالوں پر اعتبار کرنا چاہئے۔ اس سے لوگوں کا بھی اعتبار بڑھے گا کہ تین بار کا وزیراعظم پاکستان میں علاج کروا رہا ہے۔

علی اعوان کا کہنا تھا کہ تعلیم تحریک انصاف کے ایجنڈے میں پہلے نمبر پر ہے اگر کے پی کے میں گھوسٹ اسکولز کا معاملہ سامنے آیا ہے تو اس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی 6 ماہ کی حکومت میں ان اساتذہ کی تنخواہیں بحال کی گئی ہیں جو آٹھ سال سے ڈیلی ویجز پر کام کر رہے تھے مگر انہیں تنخواہیں نہیں ملی تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف میں بابر اعوان اور علیم خان نے نیب کے الزامات پر استعفٰی دیئے، اپوزیشن کے کسی رہنما نے کبھی الزامات پر ایسا عمل کیا؟

علی اعوان نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ معاملات ٹھیک چل رہے ہیں، یہ 70 سال کا گند ہے جسے صاف کرنے میں وقت لگے لگا۔

نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں اگر انہیں کچھ ہوا تو یہ حکومت ذمہ دار ہو گی، مائزہ خان

رہنما مسلم لیگ ن مائزہ خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں تعلیم کے میدان میں بہت سرمایہ کاری کی گئی دانش اسکول سسٹم جیسی مثالیں موجود ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کی غلطیوں پر بات کریں تو یہ لوگ الزامات لگانا شروع کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور نہ ہی ان کی فیملی کے لوگوں کو ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، اگر انہیں کچھ ہوا تو یہ حکومت ذمہ دار ہو گی۔

معطل ایم ڈی ای ایس ای ایف ذوالفقار احمد نے کہا کہ مانسہرہ ڈسٹرکٹ میں ایک بڑی تعداد میں گھوسٹ اسکول ہیں جس کے خلاف انکوائری کی گئی اور اس رپورٹ کی کاپی وزیراعلیٰ کے پی کے اور نیب کو بھیجی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان سے رابطے کی کوشش کی ہے تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔

 

 


متعلقہ خبریں