صوبہ پنجاب کے تمام معاملات ہمارے کنٹرول میں ہیں، عثمان بزدار


اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے تمام معاملات ہمارے کنٹرول میں ہیں، مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

عثمان بزدار پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کسی بھی ٹی وی چینل کو یہ پہلا انٹرویو تھا۔

انٹرویو کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ سے تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات اچھے چل رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے صوبے میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے پنجاب کے مسائل سے متعلق میٹنگ کی جاتی ہے جبکہ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے بھی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ تنخواہوں میں اضافے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا فوکس غریب پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کے ساتھ معاملات احسن طریقے سے چل رہے ہیں۔ انہیں پہلی مرتبہ عہدہ ملا ہے اور وہ خود کو ثابت کریں گے۔ کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں ہے۔

وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے پر اظہار برہمی کیا، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پنجاب میں تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے۔ وزیراعظم کو اس بات کا علم نہیں تھا۔ اگر انہیں علم ہوتا تو پہلے ہی اس اقدام کو روک لیتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اخراجات میں کمی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے پر اظہار برہمی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے میدان میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں اتنا کام ہے کہ رات دن بھی کم پڑ جائیں۔ یہ دنیا کی سب سے زبردست صنعت ہے۔ سیاحت ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاکھوں افراد مضر صحت پانی کے باعث مر رہے ہیں، چوہدری سرور

گورنر پنجاب نے کہا کہ سب سے پہلے یونی ورسٹیوں کے حالات کو ٹھیک کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو پنجاب سے فتح حاصل کرتا ہے وہ ہی پاکستان میں حکومت بناتا ہے۔ وزیراعظم کی اجازت سے گورنر ہاؤس میں تجارتی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔

گورنر ہاؤس کا دورے کراتے ہوئے چوہدری سرور نے عمارت کی مختصر تاریخ بھی بتائی اور کہا کہ یہاں پر روزانہ کی بنیاد پر تقریبات ہوتی ہیں اور بعض تقریبات میں ہم اپنی جیب سے بھی بجٹ لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کی ترقی کے لیے بہت محنت کررہے ہیں اور امید ہے نتائج بھی برآمد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس کے تاریخی بیڈروم میں ملکہ الیزبتھ بھی ٹھہر چکی ہیں۔ اس عمارت کی تاریخی اعتبار سے بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ اس وقت حکومت کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ اکیلے حل نہیں کیے جاسکتے اس کے لیے عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کم ازکم آدھے گھنٹے کے ایسے پروگرام نشر کرے جو صحت سے متعلق ہوں۔


متعلقہ خبریں