کرتارپور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی اجلاس ختم



اسلام آباد: کرتارپور راہداری پر پاک-بھارت تکنیکی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک سڑک کے اطراف اپنے اپنے علاقے میں خاردار باڑ لگائیں گے۔

ایک اعلامیے کے مطابق کرتار پور راہداری سے متعلق تنکنیکی معاملات پر پاکستان اور بھارت کے تکنیکی ماہرین کے درمیان اجلاس ہوا۔

تین گھنٹے جاری رہنے والی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے علاقوں میں سڑک کے گرد خاردار باڑ لگائیں گے۔ اس کے علاوہ سڑک کی اونچائی سمیت تکنیکی معاملات طے کیے گئے۔

دونوں ممالک کے وفود اپنی اپنی حکومتوں کوسروے رپورٹس جمع کرائیں گے جس کے بعد کراسنگ پوائنٹس پر اتفاق رائے کیا جائے گا۔مذاکرات کا اگلا دور 2 اپریل کو واہگہ بارڈر پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کرتارپور راہداری اجلاس، بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزا دینے سے انکار

14 مارچ کو کرتار پور راہداری پر پاکستان اور بھارت کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات اٹاری بارڈر پر ہوئے تھے جس کے مشترکہ اعلامیے میں 19 مارچ کو تکنیکی ماہرین کے درمیان بات چیت پر اتفاق کیا گیا تھا۔

واہگہ بارڈ ر پرمیڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تعمیری اور مثبت مذاکرات ہوئے ۔ بعض معاملات پر اختلافات ہیں تاہم تفصیلات ابھی نہیں بتا سکتے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے وفد کی قیادت مسٹر ایس ایل داس نے کی۔ وفود میں شامل ماہرین کے مابین بھی اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔


متعلقہ خبریں