نندی پور منصوبے میں تاخیر سے اربوں روپے کا نقصان ہوا، خواجہ آصف


اسلام آباد: رہنما پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نندی پور کیس کے حوالے سے گواہی کے لئے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’بڑی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نندی پور کیس میں ملکی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے تمام تفصیلات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے 113 ارب روپے سالانہ نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ مشینری پر نقصان ہوا اور وہ بغیر استعمال ہی خراب ہوئی اور اس دوران پاکستان کے روپے کی قدر میں کمی ہوئی جس سے منصوبے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔

نندی پور کے پاور پلانٹ کو پہلے فرننس آئل سے چلایا گیا تاہم بعد میں اسے گیس سے چلایا گیا جس سے اس کی بجلی بنانے کی استطاعت میں اضافہ ہوا۔

نواز شریف کی موجودہ ضمانت کی درخواست ضابطہ فوج داری کے تحت نہیں دی گئی، رشید اے رضوی

سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رشید اے رضوی نے کہا کہ نواز شریف کی موجودہ ضمانت کی درخواست ضابطہ فوج داری کے تحت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خطرناک میڈیکل رپورٹ آئے تب ہی ضمانت مل سکتی تاہم میاں نواز شریف کے کیس میں ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی بہت سی مثالیں ہیں جب عدالتیں ایک مرتبہ علاج کرانے کی اجازت دے دیتی ہیں تاہم کئی لوگ علاج کرانے کے بہانے گئے پھر واپس نہیں آئے۔

رشید اے رضوی نے کہا کہ یہ بھی زیادتی ہو گی کہ کسی کی غلطی کی سزا نواز شریف کو دی جائے تاہم فیصلہ عدالت نے ہی کرنا ہے۔

اگر نواز شریف کی درخواست مسترد ہوئی تو اس کی وجہ ان کی درخواست میرٹ پر نہ ہونا ہو گی۔

بلاول کو سیاسی طور پر آصف علی نے نقصان پہنچایا ہے، مظہر عباس 

سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت کافی دباؤ میں ہے، بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد بھی یہ تاثر نہیں دیا جا سکتا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی ہم اہنگی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نظر یہ آ رہا ہے کہ نیب کی شکل بدل چکی ہے قمر زمان چوہدری والی نیب اور جاوید اقبال کی نیب میں بہت فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی وجہ سے پیپلز پارٹی اس طرح ابھر کر نہیں آتی جس طرح بے نظیر کے دور میں آتی ہے، آصف علی زرداری اور نواز شریف عدالتوں پر انگلی نہیں اٹھا سکتی کیونکہ دونوں جماعتوں نےعدالتوں کو بحال کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔

مظہر عباس نے کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری پر مشکل ہے کہ سندھ سے لوگ اٹھ کر آئیں اور احتجاج کریں، سب سے زیادہ بلاول کو سیاسی طور پر آصف علی نے نقصان پہنچایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں بلاول نے ایک زبردست تقریر کی تھی تاہم لاہور کے جلسے میں زرداری نے بلاول کو یہ کہہ دیا کہ وہ بچے ہیں ابھی سیاست میں نہیں آ سکتے۔

 


متعلقہ خبریں