وزیراعلیٰ پنجاب کو کابینہ میں ردوبدل کے لیے گرین سگنل


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کابینہ میں ردوبدل  کے لیے گرین سگنل دے دیا۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے چند صوبائی وزرا کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر انہیں کابینہ میں ردوبدل کے لیے گرین سگنل دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم نے سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس کے بعد وزیر اعلیٰ کے اختیارات میں مداخلت اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والے وزرا کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اسی اجلاس میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات کا ازسرنو جائزہ بھی لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بل میں منظوری اور اس کے نتیجے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو ملنے والی اضافی مراعات کے معاملے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم کے درمیان کچھ دوریاں بڑھتی ہوئی محسوس ہوئی تھیں۔

وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری پر دستخط سے روک دیا تھا۔

بل کی منظوری کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار سے بڑھ کر دو لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے 80 ہزار اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار سے چار ہزار ہو گیا۔

رکن پنجاب اسمبلی کو اب ہاؤس رینٹ 29 ہزار کے بجائے 50 ہزار ملے گا، یوٹیلٹی الاؤنس 14 ہزار اضافے سے 20 ہزار، اکاموڈیشن الاؤنس 1500 سے 3000، دفتری تزئین و آرائش کا خرچہ دس سے 15 ہزار ہو گیا۔

مہمانداری کا ماہانہ الاؤنس دس ہزار سے 20 ہزار کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریول الاؤنس ووچرز سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار کے بجائے تین لاکھ کر دئیے گئے۔

آج ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے تمام معاملات ہمارے کنٹرول میں ہیں، مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

تنخواہوں میں اضافے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا فوکس غریب پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کے ساتھ معاملات احسن طریقے سے چل رہے ہیں۔ انہیں پہلی مرتبہ عہدہ ملا ہے اور وہ خود کو ثابت کریں گے۔


متعلقہ خبریں