نیوزی لینڈ:سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین


نیوزی لینڈ: سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ کرائسٹ چرچ کے میموریل پارک میں ادا کی گئی۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شہید خالد اوران کے صاحبزادے حمزہ مصطفیٰ کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شام سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے کی تدفین سینکڑوں افراد کی موجودگی میں نیوزی لینـڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کردی گئی۔ اس موقع پر نہایت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اورہرآنکھ اشکبار تھی۔

سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے دو پاکستانیوں سید اریب اور سید جہاں داد کی میتیں لواحقین کے سپرد کردی گئیں۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے مطابق 9 شہدا میں سے چھ کی شناخت کی جا چکی ہے۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کے تمام شہدا کا پوسٹ مارٹم گزشتہ روز مکمل کرلیاگیا تھا۔ شہدامیں سے12کی شناخت بھی ہوگئی تھی۔

خبررساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ نیوزی لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ  شہدا کی میتیں لواحقین کےحوالےکرنےکا کام جلد مکمل کرنےکی کوشش کررہےہیں۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا میں سے چھ کی میتیں گزشتہ روز لواحقین کےحوالےکردی گئی تھیں۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعہ کے دن (15 مارچ 2019) کو مسلح شخص نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تاحال نازک بتائی جاتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی میتیں ان کے لواحقین جہاں بھی لے جانا چاہیں گے اس پر آنے والے تمام اخراجات کی ادائیگی حکومت خود کرے گی۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہونے سے روکنے کے اقدامات اٹھانے ہیں۔


متعلقہ خبریں