قریشی سے ڈائریکٹر فارن افیرز اور ہواوے کے وائس صدر کی ملاقات

شاہ محمود قریشی کی ڈائریکٹر سینٹرل فارن افیرز سے ملاقات

فوٹو: ہم نیوز


بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین میں ڈائریکٹر سینٹرل فارن افیرز کمیشن سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ممبر پولٹی بیورو و ڈائریکٹر سینٹرل فارن افیرز کمیشن آفس مسٹر یانگ جائیچی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے دوطرفہ روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر مسٹر یانگ نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی موثر کاوشوں کی تعریف بھی کی۔

مسٹر یانگ نے پاکستان اور چین کے مابین اعلی سطح روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کے متمنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ‘سی پیک کے دوسرے مرحلے کی شروعات سے پاکستان میں  ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا’

دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کو بھی سراہا۔

دورہ چین کے موقع پر شاہ محمود قریشی کے ہمراہ تمام سیاسی جماعتوں کے وفود بھی ہیں۔

ہواوے ٹیکنالوجیز کے وائس پریزیڈنٹ مسٹر وانگ ہوئی نے بھی بیجنگ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان میں ٹیکنالوجیز کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وائس پریزیڈنٹ ہواوے ٹیکنالوجیز نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے پاکستان ایک ابھرتی ہوئی منافع بخش مارکیٹ ہے جب کہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہت سی مراعات دے رہی ہے۔

وائس پریزیڈنٹ ہواوے ٹیکنالوجیز نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا کہ ہواوے ٹیکنالوجیز، حکومت کی صحت مندانہ مثبت کاروباری پالیسیوں اور صارفین کی دلچسپی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کرنے جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں