سنجاوی میں دہشت گردوں کی فائرنگ، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید



کوئٹہ: زیارت کے قریب لال کٹائی سنجاوی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے لال کٹائی سنجاوی میں سیکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کرنے والے دہشت گرد سیکیورٹی اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی ) زیارت قادر بخش پرکانی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیویز اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے جس میں 6 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ واقعہ سنجاوی کی لال کٹائی چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے۔

فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں میں مہتاب الدین، عبدالحکیم، فقیر محمد، محمد عثمان، عبدالشکور، داد محمد شامل ہیں۔ جن کی لاشیں سول اسپتال سجاوی منتقل کی گئیں۔

جنوری میں بھی بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جسے سیکورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔

ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ میں ناکامی پردہشت گرد رہائشی کمپاؤنڈ پر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں لورالائی میں ڈی آئی جی کے دفتر پر حملہ، 9 افراد شہید، 21 زخمی

دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ کرنے والے چاروں دہشت گرد مارے گئے تھے جن میں ایک خود کش حملہ آور بھی موجود تھا۔

خودکش حملہ آور نے کلیئرنس کے دوران خود کو اڑا دیا تھا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

شہید اہلکاروں میں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان ، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔

جنوری میں ہی لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشت گرد حملہ میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21  زخمی ہو گئے تھے۔

فائرنگ ڈی آئی جی لورالائی کے دفتر کے احاطے میں ہوئی تھی۔  جہاں پولیس بھرتی کے لیے ٹیسٹ لیا جا رہا تھا۔


متعلقہ خبریں