شیخ رشید کے خلاف پیپلز پارٹی نے تھانے میں درخواست دے دی

شیخ رشید کے خلاف پیپلز پارٹی نے تھانے میں درخواست دے دی

فوٹو: فائل


ملتان: پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دے دی۔

پیپلز پارٹی نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے ملتان کے تھانہ مظفر آباد میں درخواست جمع کرا دی۔ درخواست پیپلز پارٹی کے کارکن محمد یاسین کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

تھانہ میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید نے بلاول بھٹو کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں، اس حوالے سے شیخ رشید کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہمارے قائدین بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کو بھی قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے راولپنڈی میں بھی آج شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ کراچی میں شیخ رشید کے خلاف بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بچہ ہے ،مجھ سے بچ کر کھیلے، شیخ رشید

شیخ رشید نے بلاول بھٹو کو دھمکی دی تو پیپلز پارٹی اپنے لیڈر کے حق میں قانونی جنگ لڑنے کے لیے متحرک ہو گئی اور شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظورنے کہا کہ ہم شیخ رشید کی بدکلامی کا جواب نہیں دیتے تھے لیکن اب بھرپور جواب دیں گے، بلاول بھٹو کو قتل کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے کالعدم جماعتوں اور دہشت گردوں سے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ اس دھمکی میں حکومت اور خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کی منشا بھی شامل ہے، اگر حکومت کی منشا شامل نہیں تو حکومت انہیں کابینہ سے نکال کر ان کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو کہا تھا کہ وہ مجھ سے بچ کر کھیلیں۔


متعلقہ خبریں